نعیم ثاقب ترقی کے سفر میں بہاولپور نواں اسٹیشن!

پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات میں حادثاتی طور پر داخلہ لیا تودیگر دوستوں کے ساتھ ساتھ خبریں اخبار کے موجودہ چیف ایڈیٹر امتنان شاہد سے بھی ملاقات ہوگئی ۔کلاس فیلو ہونے کی وجہ سے دوستی ہوئی اور پھر یہ قربت گہری ہوتی گئی اور تئیس سال کیسے بیت گئے پتہ ہی نہیں چلا ۔ امتنان شاہد کو اللہ نے بشری کمزوریوں کے ساتھ ساتھ بے پناہ خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے اچھا سپورٹس مین ہے کام کرنے کی ٹھان لے تو انتھک محنت کرتا ہے بہترین جرنلسٹ ھے اور ہو بھی کیسے نا ۔ وہ بانی و قائد خبریں گروپ ضیاشاہد کا بیٹا ھے جس نے اپنی صحافت سے پورے ملک میں ہلچل مچا دی تھی بڑی بڑی طاقتوں کو ہلا کر رکھ دیا اور مظلوم کے آگے ظالموں کو جھکنے پر مجبور کر دیا۔ ’جہاں ظلم وہاں خبریں کا نعرہ لگا کر محروم اور پسے ہوئے طبقے کو نئی زندگی دی، جاگیرداروں ،وڈیروں ، کرپٹ بیوروکریٹس ، راشی افسران اور خود کو ہلاکو خان سمجھنے والے منہ زور پولیس افسران کو اپنے فرائض حقیقی معنوں میں ادا کرنے پر مجبور کیا۔‘صحافت کو بڑے لوگوں کے ڈرائینگ روم سے نکال کر کمزوروں کی آواز بنادیا خبریں‘ مظلوموں کی آواز ظالموں کے لیے خوف بن گیا ۔ ’جہاں ظلم وہاں خبریں‘ کے عنوان سے جب کوئی خبر چھپتی تو ہلچل مچ جاتی تھی اور ظالموں کا بچنا مشکل ہو جاتا تھا، یہی وجہ تھی کہ ’خبریں‘ ہر عام آدمی کے دل کی دھڑکن بن گیا۔ضیا شاہد آزادی صحافت کے جرم میں شاہی قلعے میں سات ماہ قید بھی رہے اور صحافت میں اعلیٰ خدمات کے سبب انھیں سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کی طرف سے اعلیٰ سول اعزاز ’’ستارہ امتیاز‘‘ اور وزیراعظم نواز شریف نے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا۔ضیاصاحب کا بچپن ملتان میں گزرا تھا اس لیے وہ جانتے تھے کہ اس علاقے میں مسائل ہی مسائل ہیں۔ روزگار کے مساوی مواقع نہیں‘ تعلیم کے مواقع نہیں, یرقان کے بڑھتے ہوئے مریضوں کے علاج اور صاف پانی کی فراہمی کے مسائل ، سود خوری ، پنچایتی فیصلوں کے ذریعے مختاراں مائی جیسے ہونے والے ظلم اور ایسے بے شمار مسائل جن کی داد رسی کے لیے ضیا صاحب نے خبریں کو کمزور اور لاچار کا بازو بنا دیااور انہوں نے جنوبی پنجاب کے علاقوں پر مشتمل ایک نئے صوبے کا قیام تصور پیش کیا اور گزشتہ بیس سے ہر محافظ پر اس صوبے کے قیام کے لیے عملی کوشش کی جس کی وجہ سے یہ قیام ناگزیر ہوگیا شاید یہ ملتان اور جنوبی پنجاب سے سے رومانس ہی تھا کہ ضیا صاحب نے بیمار ہونے پر اپنا آپریشن بھی ملتان میں ہی کروانے کا فیصلہ کیا ،آپریشن بگڑنے کے باعث وہ علیل ہوئے تو ان کے بڑے بیٹے عدنان شاہد انہیں علاج کے لیے امریکہ لے گئے واپسی پہ لندن میں عدنان شاہد کا انتقال ہو گیا جس سے ضیا صاحب کو اتنا صدمہ پہنچا کہ وہ دوبارہ سنبھل نہ سکے۔ کم لگ یہ جانتے ہیں کہ عدنان شاہد کی وفات اور ضیا صاحب کی بیماری کی وجہ سے خبریں گروپ کی بھاگ دوڑ گزشتہ تقریباً چودہ سال سے عملی طور چیف ایڈیٹر امتنان شاہد کے ہاتھ میں ہی ہے اور اپنی بہترین انتظامی صلاحیتوں کے باعث خود کو جدید صحافت کے بانی مرحوم ضیاشاہد کا جانشین ثابت کررہے ہیں ۔ ایک دوست اور کلاس فیلو ھونے کی حیثیت سے جس امتنان شاہد کو میں جانتا ھوں وہ بھی ضیا صاحب کی طرح متحرک ، ذہین ،دبنگ اور بے باک صحافی ہے ، ڈر خوف اس کی فطرت میں ہے ہی نہیں ۔ ضیا صاحب کی طرح بلا جھجک نئے اور اچھوتے تجربات کر گزرتا ہے، ان کی تجویز اور خبریں رضا کار فورس کی طرز پر وزیر اعظم عمران کا ٹائیگر فورس کا قیام ، کرونا کے دوران لاکھوں لوگوں تک کھانے کی فراہمی ، کسان میلے ،فیملی فیسٹا اورایسے بے شمار اقدامات ان کے قوت فیصلہ کی مثالیں ہیں وہ ضیا صاحب کی طرح پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور پاکستان کے سیاسی اور سماجی واقعات پر گہری نظر رکھتے ہیں عظیم صحافی کی صحبت میں رہنے کی وجہ سے ہر بڑے واقعہ کے پس منظر سے آشنا ہیں جس کا ثبوت اخبار میں چھپنے اور سو صد درست ثابت ہونے والے ان کےتجزیے ہیں – امتنان شاہد کی جرات ،حوصلے ، بے باکی اور ضیا صاحب کی طرح جنوبی پنجاب سے محبت کی اس بڑھ کر مثال اور کیا ھوگی کہ انہوں نے اپنے مرحوم والد کے وژن کی تکمیل کے لیے اس وقت خبریں بہاولپور کا نیا اسٹیشن شروع کرنے کا فیصلہ کیاُھے جس دور میں بڑے بڑے ادارے اکثر شہروں سے اپنی اشاعت بند کرکے دفاتر ختم کر رہے ہیں امتنان شاہد صاحب نےصحیح معنوں میں مصور صوبہ جنوبی پنجاب جناب ضیا شاہد صاحب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے صوبہ جنوبی پنجاب کے تصور کی تعبیر میں ،عملی ، حقیقی اور جرتمندانہ کوشش کا آغاز کیا ھے ۔ خبریں کے انتیسویں سال اس بڑے میڈیا گروپ کا نواں اسٹیشن “خبریں بہاولپور” یکم اکتوبر 2021 سے امتنان شاہد صاحب کی نوجوان تجربہ کار قیادت میں شروع ہونے جارہا ھے ۔جس کی کامیابی انشاءاللہ خبریں کی نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ادارے کے کارکنان کے لیے ایک نئی خوشگوار صبح کا احساس ،بہاولپور کے عوام کے لیے امید کی کرن اور صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کے لیے سنگ میل ثابت ھوگی۔ اور اللہ کی رحمت سے امتنان شاہد کی زیر قیادت خبریں گروپ موجودہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق ترقی کی بلندیوں کا سفر ضرور طے کریگا بہاولپور تو ابھی راستے کا نواں اسٹیشن ھے !

متعلقہ خبریں