2 کروڑ عوام کوسفر کی بہترین سہولتیں میسر ہونگی،خوراک و زراعت ودیگر اشیا کے 3431 انڈسٹریل یونٹس کو فروغ ملے گا
چشتیاں (نمائندہ مقامی حکومت ) ضلع بہاولنگر میں مسلم لیگ ن کے ارکان قومی اسمبلی میاں عبدالغفار وٹو ایم این اے،میاں عالم داد لالیکا ایم این اے،چوہدری احسان الحق باجوہ ایم این اے،چوہدری نورالحسن تنویر ایم این اے،وزیراعظم کے سیاسی مشیر چوہدری کاشف محمود نے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک)کی جانب سے لاہور،ساہیوال،بہاولنگر 295کلومیٹر موٹروے کی تعمیر کیلئے 263 ارب79کروڑ روپئے کے فنڈز کی منظوری دینے پر وزیر اعظم میاں شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے کی تعمیر سے نہ صرف قصور،اوکاڑہ،پاکپتن،ساہیوال،بہاولنگر اضلاع کے 2کروڑ سے زائد عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں گی بلکہ پنجاب کی 49 فیصد زرعی اجناس پیدا کرنے والی منڈیوں کی موٹرویز کے ذریعے دوسرے شہروں تک رسائی بہت بہتر ہوجائے گی جبکہ متذکرہ علاقوں میں خوراک و زراعت ودیگر اشیا کے 3431 انڈسٹریل یونٹس کو فروغ ملے گا اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں مزید کہا کہ دوسرے فیز میں بہاولنگر سے بہاولپور تک موٹروے کی تعمیر کے بعد متذکرہ علاقے موٹروے ایم 2،ایم 3،ایم 4، ایم 5،ایم 11سے منسلک ہوجانے سے لوگوں کا دیرینہ خواب پورا ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے 2010کے بعد بطور وزیر اعلی پنجاب ضلع بہاولنگر کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے بہاولنگر میں میگا منصوبے بہاولنگر میڈیکل کالج کی تعمیر،زرعی ریسرچ سنٹر بہاولنگر،ڈسٹرکٹ ہسپتال بہاولنگر میں 400بیڈ کا اضافہ اور ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینا،ضلع کے مختلف ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن و سیوریج منصوبوں کی تکمیل،دانش سکولز چشتیاں،سینکڑوں کلومیٹرز کی کارپٹ سڑکات کی تعمیر ودیگر منصوبوں کو مکمل کرایا جس کے نتیجہ میں علاقہ کے عوام وزیراعظم میاں شہباز شریف کو بڑی قدرکی نظر سے دیکھتے ہیں اور انکے تاریخ ساز اقدامات کو کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے۔