گجر نالہ متاثرین کیس،سپریم کورٹ نے وزیر اعلی سندھ کو فوری طلب کرلیا
کراچی (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے گجر نالہ متاثرین کی بحالی سے متعلق کیس میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو فوری طلب کرلیا۔ پیر کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل فاضل بینچ نے گجر نالہ متاثرین کی بحالی سے متعلق کیس پر سماعت کی، سندھ حکومت کی جانب سے گجر نالہ متاثرین کی بحالی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی جس پر سپریم کورٹ نے وزیر اعلی سندھ کو فوری طلب کرلیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگ عدالت کا مذاق اڑا رہے ہیں ؟ کیا رپورٹ پیش کی ہے آپ نے ؟ اب تک کیا ہوا ہے ؟ زمینی حقائق کیا ہیں یہ بتائیں ؟ بلائیں وزیر اعلی سندھ کو ابھی ان سے ہی پوچھیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے متاثرین کو متبادل جگہ آباد کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔