کراچی (نمائندہ مقامی حکومت)سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی بلدیہ وسطی کے محکمۂ باغات کے زیرِ اہتمام گُلِ داؤدی کی نمائش کا اہتمام کِیا گیا جس کا ا فتتاح ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کِیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کراچی میٹرو پولیٹن افضل زیدی، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی،ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی خالد ریاض صدیقی و دیگر بلدیاتی افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گُلِ داؤدی کی نمائش ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی ڈاکٹر سید محمد علی زیدی اور میونسپل کمشنر بلدیہ وسطی خالد ریاض کی جانب سے ضلع وسطی کے عوام کے لئے سالِ نو کا خصوصی اور خوشگوار تحفہ ہے۔بیرسٹر وہاب نے پھولوں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلدیہ وسطی کے ایڈمنسٹریٹر، ڈاکٹر سید محمد علی زیدی، میونسپل کمشنر ضلع وسطی خالد ریاض اورڈاریکٹر محکمۂ باغات کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیاکہ انہوں نے ضلع وسطی کے عوام کے لئے ایک خوشگوار تقریب اور تفریح کا اہتمام کیا۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ایسی خوشگوار نمائشوں اور پرگراموں کا تسلسل جاری رہے گاکہ جو عوام کو نہ صرف سستی تفریح اُن کے نزدیک فراہم کریں بلکہ شہری زندگی پر ایک مثبت اور خوش آئند اثر ڈالیں۔ نمائش میں گُلِ داؤدی کی تقریبا ایک سو اقسام رکھی گئی ہیں جبکہ نمائش میں رکھے گئے پھولوں کی تعداد تیس ہزار سے زیادہ ہے جن کی تیاریی میں بلدیہ وسطی کے محکمۂ باغات کے مالیوں کی محنت نے اہم کرداراداکِیا ہے۔ واضح رہے کہ بلدیہ وسطی میں ہر سال چار مرتبہ پھولوں کی نمائش کا اہتمام کِیا جاتاہے جس میں ایک نمائش خصوصی طور پر گُلِ داؤدی کے پھولوں کی ہوتی ہے۔ سال بھر بلدیہ وسطی کے محکمۂ باغات کے مالی اپنی نرسریوں میں پھولوں کی پرورش کرتے ہیں تب جاکر ایسی خوش گوار نمائشوں کا اہتمام ممکن ہوتاہے۔ بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ وسطی کی جانب سے جاری 100 پارکس بحالی مہم کے سلسلے میں ضلع وسطی ناظم آباد نمبر 2 یوسی نمبر 45میں تزئین نَو کے بعد عوام کے لئے کھولے جانے والے سید ناظم شھید پارک کا افتتاح بھی کِیا۔ اس موقع پر موجود مقامی افراد نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مسرّت و شادمانی کا اظہار کیا ۔