سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی ،فیصلہ چیف سیکریٹری ،MQMاور GDAکی درخواست پر کیا،الیکشن کمیشن،NA245 کا ضمنی الیکشن 21 اگست کو ہوگا

کراچی (نمائندہ مقامی حکومت) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کردیا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف سیکرٹری سندھ،ایم کیو ایم اور کی جی ڈی اے کی درخواست پر کیا گیا، الیکشن کمیشن نے این اے 245کا ضمنی الیکشن بھی ملتوی کردیا، الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نے انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر،محکمہ موسمیات کی رپورٹ اور محرم الحرام کے باعث کیا گیا، سندھ میں بلدیاتی انتخابات دوسرا مرحلہ اب 28 اگست ہوگا، واضح رہے کہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں الیکشن اتوار 24جولائی کو شیڈول تھے، جس کیلئے تیاریاں بھی مکمل تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکرٹری سندھ کی درخواست پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں بارشوں کی پیشگوئی کے باعث انتخابات ملتوی کرنےکی درخواست کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے فیصلہ متحدہ قومی موومنٹ، چیف سیکرٹری، جی ڈی اے اور صوبائی الیکشن کمشنرکی درخواست پرکیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اب 28 اگست 2022 کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر، عوام کی درخواستوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ پرکیا گیا۔ خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 24 جولائی کو پولنگ ہونا تھی۔الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق آج الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی ۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے مختلف امیدواروں اور پبلک کی طرف سے ان درخواستوں کا جائزہ لیا جس میں الیکشن کمیشن سے حالیہ بارشوں کی وجہ سے نقصانات ، موجودہ موسمی حالات اور محرم الحرام، ضمنی انتخاب این اے حلقہ 245 ، کراچی شرقی جو مورخہ 27 اگست 2022 کو ہونے تھے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات جو مورخہ 24 جولائی 2022 کو ہونے تھے ۔ انہیں محرم الحرام کے بعد کروانے کی درخواست کی گئی تھی ۔ ان درخواستوں پر غور کرنے سے پہلے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور محکمہ موسمیات سے رپورٹ طلب کی گئی ۔ محکمہ موسمیات نے مذکورہ بالا دنوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی۔ مزید صوبائی الیکشن کمشنر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے آمد و رفت کے ذرائع، پولنگ اسٹیشنوں کی بلڈنگوں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات، پولنگ کے سامان کی۔ترسیل، بارشوں کی وجہہ سے عوام کے ووٹ ڈالنے میں دشواری اور دیگر انتظامی امور کو مد نظر رکھتے ہوئے پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا تمام حقائق کو۔سامنے رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کی پولنگ 24 جولائی کے بجائے 28 اگست 2022 کو ہوگی ۔جبکہ ضمنی انتخاب حلقہ این اے 245 کراچی مشرقی جس کی پولنگ مورخہ 27 جولائی 2022 کو ہونی تھی اب 21 اگست 2022 کو ہوگی ۔یہ فیصلہ ووٹروں، امیدواروں کی سہولت اور انتظامی امور کی بہتری کیلئے کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

متعلقہ خبریں