کراچی واٹر کارپوریشن کی جانب سےامریکن قونصلیٹ اور شون سرکل سے مائی کولاچی تک شجر کاری مہم کا آغاز
کراچی( نمائندہ مقامی حکومت) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کی جانب سے شہر کو سرسبز بنانے کے حوالے سے شجر کاری مہم جاری ہے اس ضمن میں بینظیر بھٹو پارک سے امریکن قونصلیٹ اور شون سرکل سے مائی کولاچی تک شجر کاری مہم کا اہتمام واٹر کارپوریشن کی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا مہم کے دوران ترجمان میئر کراچی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ جاوید پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس تھری نظام الدین شیخ اور چیف انجینئر ای اینڈ ایم سیوریج سید سردار شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ شجر کاری مہم کے حوالے سے واٹر کارپوریشن کی جانب سے مختلف قسم کے پودے لگائے گئے ہیں اور لگائے گئے تمام پودوں کی دیکھ بھال اور انہیں پانی دینے کی تمام ذمہ داری واٹر کارپوریشن کی ہے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شجر کاری مہم کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنا اور ماحولیاتی استحکام کو فروغ دینا ہے اور ہمیں شجر کاری کرکے کراچی کو ایک سرسبز اور پائیدار شہر میں تبدیل کرنا ہے انہوں نے کہا شجر کاری مہم کا بنیادی مقصد ماحول کو بہتر بنانا اور آلودگی کو کم کرنا ہے جبکہ کراچی کو سر سبز و شاداب اور زیادہ پائیدار شہر بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے انکا کہنا تھا کہ شجر کاری مہم ان علاقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں زیادہ آلودگی اور کم سبز احاطہ ہے انہوں نے کہا شجر کاری مہم نہ صرف کراچی کو خوبصورت بنائے گی بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرے گی میئر کراچی نے کہا درخت ہمارے شہر کے پھیپھڑے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے سبزہ زاروں کی حفاظت اور توسیع کریں انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری مہم ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے ہمارے عزم کا واضح ثبوت ہے میئر کراچی نے تمام شہریوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کو سرسبز و شاداب اور صحت مند شہر بنانے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔