کراچی: پانی کی بڑی لائن پھر ٹوٹ گئی، شہر کو 70 فیصد پانی کی فراہمی معطل

کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر کی پانی کی سپلائی لائن ایک بار پھر ٹوٹ گئی، جس کے نتیجے میں شہر کو 70 فیصد پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

راشد منہاس روڈ پر جوہر موڑ کے قریب سیوریج کے پانی کے جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی، اور جوہر موڑ سے نیپا جانے والے راستے پر ٹریفک جام ہوگیا۔

ترجمان واٹر بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ سپلائی لائن بی آر ٹی ریڈ لائن کے تعمیراتی کام کے دوران متاثر ہوئی۔ پائپ لائن کے نقصان سے شہر کو روزانہ 250 ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹھیکیداروں کی غفلت کو اس نقصان کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔

واٹر کارپوریشن نے اس حوالے سے ٹرانس کراچی کے سی ای او کو خط لکھ کر 3 کروڑ 50 لاکھ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے اور تعمیراتی ٹیم سے کام کے دوران احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

شہر بھر میں پانی کی قلت سے شہری مشکلات کا شکار ہیں، اور مرمت کے کام پر تقریباً ساڑھے 3 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں