عدالتی احکامات کے مطابق صوبے میں بلدیاتی ادارے بحال ہو چکے ہیں،میاں محمود الرشید
صوبائی وزیر بلدیات و لوکل گورنمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات کے مطابق صوبے میں بلدیاتی ادارے بحال ہو چکے ہیں، اختیارات اور اثاثہ جات کی منتقلی کیلئے ٹرانزٹ ٹیم بنا دی گئی ہے،موجودہ بلدیاتی نمائندے لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کے تحت منتخب ہوئے ہیں جبکہ صوبے میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 نافذ ہے اور اس حوالے سے راہنمائی کیلئے حکومت نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 30دسمبر کو موجودہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت پورے ہو جائے گی، پنجاب حکومت چاہتی ہے اسکے بعد بلا تاخیر نئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہو جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل گورنمنٹ اکیڈمی میں تربیت حاصل کرنیوالے افسران میں تقسیم اسناد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ایم این اے سید فیض الحسن شاہ، ایم پی ایز چوہدری لیاقت علی بھدر، میاں اختر حیات بھی اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے تربیت مکمل کرنیوالے افسران کو مبارکباد دی اور کہا کہ نئے افسران باصلاحیت ہیں وہ اپنی توانائیاں شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے صرف کریں گے۔
صوبائی وزیر بلدیات و لوکل گورنمنٹ نے کہا کہ ملک کی ترقی ہیومن ڈویلپمنٹ کے بغیر ممکن نہیں، تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح اداروں کو مضبوط بنانا، اس مقصد کیلئے مستحکم ماڈل متعارف کرایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیڈر شپ کا بحران رہا، اداروں کی بہتری کی بجائے سیاسی مفادات کیلئے بڑے بڑے منصوبوں پر توجہ دی گئی جس کے نتیجے میں ہر شعبہ زوال پذیر ہوا تاہم اس وقت وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں ایسا لیڈر موجود ہے جس کی سوچ کا محور قوم ہے، اسے اقتدار کا لالچ ہے اور نہ ہی سیاسی وراثت اسکا مطمع نظر ہے، قوم کو ایسا لیڈر پہلے مل جاتا تو آج ملک کے حالات یکسر مختلف ہوتے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی پالیسوں کیوجہ سے ادارے تنزلی کا شکار ہوئے، افسران کیلئے کام کرنا مشکل ہو گیا تاہم وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت ان مسائل کو حل کرے گی، بلدیات کے افسران کی ترقیوں کو ٹریننگ سے مشروط کر دیا جائے گا، ٹریننگ اکیڈمی کے مسائل حل کرکے ادارے کو درکار فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور میں ملک معیشت کی مضبوطی کیلئے عملی کام کیا ہے، تاریخی کرنٹ اکاونٹ خسارے پر قابو پایا گیا ہے، ملکی ایکسپورٹس اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے،کسان کارڈ کا اجراء اور اجناس کی بہتر قیمت سے کسان خوشحال ہوا ہے، صحت انصاف کارڈ کا اجراء ایک انقلابی قدم ہوگا، حکومت 2023تک دیگر مسائل پر بھی قابو پالے گی اور مہنگائی سمیت قوم کو درپیش مسائل ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم کے نواسے کی لندن کے مہنگے ہوٹل میں شادی کی تقریب پر تبصر ہ کرتے ہوئے کہا کہ انکے پاس بہت دولت ہے، مہنگے ہوٹل کے اخراجات سے انکو فرق نہیں پڑتا۔اس سے قبل لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کے سربراہ نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی اور بتایا کہ مجموعی طور پر 35افسران کو تربیت دی گئی ہے، یہ افسران پنجاب پبلک سروس کمشن کے ذریعے بھرتی ہوئے اور مختلف بلدیاتی اداروں میں بطور میونسپل افسر فنانس اور میونسپل افسرریگولیشن تعینات ہیں۔