لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کا 5 جنوری کو احتجاج کا اعلان

پشاور: لوکل کونسل ایسوسی ایشن (ایل سی اے) نے ترقیاتی فنڈز کی عدم فراہمی اور مقامی حکومتوں کے اختیارات محدود کیے جانے کے خلاف 5 جنوری کو خیبرپختونخوا اسمبلی کی عمارت کے باہر پُرامن احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ فیصلہ پشاور میں ایل سی اے کے صدر حمایت اللہ مریار کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس کی تفصیلات ایک جاری بیان میں بتائی گئیں۔ اجلاس میں پشتخارہ تحصیل چیئرمین ہارون صفت، ایل سی اے کے کوآرڈینیٹر انتظار خلیل، چیئرمین تیمور کمال سمیت متعدد مقامی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے صوبائی حکومت پر مقامی حکومتوں کے لیے مسائل پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بہترین طرزِ حکمرانی صرف نچلی سطح پر مقامی حکومتوں کے ذریعے ہی ممکن ہے، تاہم خیبرپختونخوا میں مقامی حکومتوں کے نظام کو مفلوج کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران مقامی حکومتوں کے نمائندوں نے متعدد بار پُرامن احتجاج کیے، مگر ہر بار صوبائی حکومت نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کا سہارا لیا، جس کے نتیجے میں کئی نمائندے گرفتار بھی ہوئے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ متعدد بار مذاکرات کیے گئے، بالخصوص سابق وزرائے اعلیٰ محمود خان اور علی امین گنڈاپور سے ملاقاتوں میں مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانیاں کرائی گئیں، مگر صوبائی حکومت نے آج تک اپنے وعدے پورے نہیں کیے۔

متعلقہ خبریں