بلدیاتی ادارے آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا ہنگامی منصوبہ بناکر محکمہ سے شیئر کریں، ناصر شاہ

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ تمام بلدیاتی ادارے آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا کونٹیجنسی پلان بناکر محکمہ سے شیئر کریں۔ انھوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر قربان کئے جانے والے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا جائے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ آلائشیں ٹھکانے لگانے کیلئے ضروری مشنری کا بندوبست کیا جائے۔ جن مقامات پر قربانی کی جائے وہاں پر صفائی ستھرائی کرکے چونا چھڑکا جائے۔ یہ سال وبائی امراض کا ہے اس لئے صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جراثیم کش ادویات اور کیمیکل کی خریداری بھی بروقت کی جائے۔ بلدیاتی ادارے اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کی مانیٹرنگ کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیں۔ اور جانوروں کی قربانی کے وقت مویشی مالکان اور قصاب حضرات کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے۔ قربانی کی کھالوں کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو متعلقہ ادارے یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہروں اور دیہاتوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا چاہئیے۔

متعلقہ خبریں