چشتیاں: وراثتی پلاٹ پر مبینہ قبضہ، ریٹائرڈ پولیس افسر کا سیاسی شخصیت کے بھائی پر الزام
چشتیاں: تحصیل چشتیاں کے رہائشی ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر محمد اسلم نے الزام عائد کیا ہے کہ ضلع بہاولنگر سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کے بھائی امان الحق باجوہ نے ان کے وراثتی رہائشی پلاٹ پر مبینہ طور پر جعلی رجسٹری کے ذریعے قبضہ کر لیا ہے۔
محمد اسلم نے ایک ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ مذکورہ پلاٹ انہیں اپنے آباؤ اجداد سے وراثت میں ملا، تاہم ملزمان نے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے مقامی ریونیو عملے سے مبینہ ملی بھگت کے ذریعے نہ صرف اپنے حصے سے زائد زمین اپنے نام کروالی بلکہ باقی حصے پر بھی قبضہ جما لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائم ڈسٹرکٹ ریزولیوشن کمیٹی بہاولنگر سے رجوع کیا، جہاں مبینہ طور پر تحقیقات کے بعد ان کے مؤقف کی تصدیق کی گئی۔ تاہم اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہو سکا۔
محمد اسلم نے مزید الزام لگایا کہ انہیں مبینہ طور پر دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں کہ وہ اس معاملے کو مزید نہ اٹھائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف یقینی بنایا جائے۔
حالیہ دیگر مبینہ قبضہ کیسز سے بھی اسی گروپ کا نام جوڑا جا رہا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب نمائندہ مقامی حکومت کی جانب سے امان الحق باجوہ کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم خبر فائل ہونے تک ان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق شہر میں حالیہ دیگر مبینہ قبضہ کیسز سے بھی اسی گروپ کا نام جوڑا جا رہا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
شہری حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ سرکاری و نجی املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔