آزادکشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 افراد گرفتار

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 72 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ، مواصلاتی آلات اور مشتبہ دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ کالعدم تنظیم کے بعض عناصر عوامی مسائل کے نام پر امن و امان خراب کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن خراب کرنے کی کسی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب آزادکشمیر میں کالعدم تنظیم کی 9 جون کو ہڑتال کی کال پر معمولات زندگی متاثر ہیں۔ ہڑتال کے باعث شہروں میں تعلیمی ادارے، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

مظفرآباد، باغ اور میرپور میں امن و امان کے پیش نظر پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق صورتحال پر مکمل کنٹرول ہے اور قیام امن کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں