راولپنڈی میں الیکٹرک بس اسٹاپس کو نامعلوم افراد کا نشانہ، متعدد بس شیلٹرز تباہ

راولپنڈی: راولپنڈی میں الیکٹرک بس سروس کے مختلف بس اسٹاپس کو نامعلوم افراد نے نقصان پہنچایا ہے جس کے بعد راولپنڈی میونسپل کارپوریشن (آر ایم سی) نے تباہی پھیلانے والوں کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے۔

ضلع انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ کچھ نامعلوم افراد نے مختلف مقامات پر بس شیلٹرز کو نقصان پہنچایا جس کے بعد مقامی پولیس کو سیف سٹی کے تحت نصب سرویلنس کیمروں سے ملزمان کی شناخت کے لیے مدد طلب کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت باغ میں الیکٹرک بس اسٹاپ اور میٹرو بس اسٹیشن پر کیمروں کی موجودگی تھی تاہم کچھ مقامات سے کیمروں کی عدم موجودگی پائی گئی۔

آر ایم سی میونسپل آفیسر رفاقت گونڈل نے بتایا کہ لیاقت باغ، شمس آباد اور دیگر الیکٹرک بس اسٹاپس پر شیلٹرز کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیو ٹاؤن اور بنی سمیت مختلف تھانوں میں رپورٹ جمع کروائی گئی ہے۔

آر ٹی اے سیکرٹری اسد شیرازی کا کہنا تھا کہ مقامی پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں سرویلنس کیمروں سے مدد لی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور تباہ شدہ شیلٹرز کی مرمت کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ بس سروس کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بند کوشش ہے۔ الیکٹرک بسوں کا سفر خواتین، طلبہ اور بزرگ شہریوں کے لیے مفت ہے اور روزانہ مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ الیکٹرک بسیں مسلم لیگ نون کی زیر قیادت پنجاب حکومت کے فلیگ شپ منصوبوں میں سے ہیں۔ راولپنڈی میں اس وقت 45 الیکٹرک بسیں سات روٹس پر چل رہی ہیں جبکہ حکومت مزید 35 بسیں لا کر تین نئے روٹس شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

متعلقہ خبریں