آر پی او بہاولپور کی کھلی کچہری، عوام کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی اولین ترجیح قرار، شکایات کے فوری ازالے کے احکامات

بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) بہاولپور غازی محمد صلاح الدین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کی شکایات کا براہِ راست ازالہ اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے فورٹ عباس میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفتیش میں غیر ضروری تاخیر اور مقدمات کو التوا میں رکھنے کا رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے انعقاد سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو فروغ ملتا ہے اور حل طلب معاملات کو میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق فوری نمٹایا جا رہا ہے تاکہ مظلوم کو بروقت انصاف مل سکے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولنگر محمد عمران نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آر پی او کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنے مسائل اور شکایات تحریری اور زبانی طور پر آر پی او کے سامنے پیش کیں۔ آر پی او غازی محمد صلاح الدین نے ہر درخواست گزار کی شکایت انفرادی طور پر سنی اور متعدد معاملات پر موقع پر موجود پولیس افسران کو مقررہ مدت کے اندر کارروائی مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کیے۔

متعلقہ خبریں