وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نےپشاور میں 105 کنال پر محیط جدید حیات آباد پارک کا افتتاح کردیا، 20 لاکھ شہری مستفید ہوں گے

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں 105 کنال پر محیط جدید عوامی پارک کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی، رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی، وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی سمیع اللہ خان، حامد الحق، محمد عاصم خان، ایڈووکیٹ علی زمان، ضلعی صدر پی ٹی آئی رحیم شاہ، جنرل سیکرٹری خورشید عالم، سیکرٹری بلدیات، سٹیزن امپروومنٹ پراجیکٹ، پی ڈی اے کے اعلیٰ حکام، پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ پارک خیبرپختونخوا سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت تعمیر کیا گیا ہے اور ماحول دوست اصولوں کے مطابق جدید تفریحی، کھیلوں اور صحت افزا سہولیات سے آراستہ ہے۔ منصوبے سے تقریباً 20 لاکھ شہری مستفید ہوں گے۔

پارک میں 12 گزیبوز، باسکٹ بال اور والی بال کورٹس، جاگنگ اور سائیکلنگ ٹریکس، اوپن ایئر جم، واک ویز، سولر پارکنگ شیڈ، فوڈ کیوسکس، اوپن ایئر ایمفی تھیٹر، خواتین، بچوں اور خاندانوں کے لیے علیحدہ تفریحی زون، بچوں کے کھیل کے میدان، جھولے، سینڈ پٹس، اسکیٹنگ زون، روز گارڈن اور خوبصورت لینڈ اسکیپنگ سمیت متعدد جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات، گرین اسپیسز اور صحت مند طرزِ زندگی کے مواقع فراہم کرنا صوبائی حکومت کے ترقیاتی وژن کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید پارک نوجوانوں اور خاندانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صرف تین ماہ کی ریکارڈ مدت میں منصوبے کی تکمیل پی ڈی اے، محکمہ بلدیات اور سٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر کارکردگی کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پشاور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر رہا ہے اور آج بھی خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور سکیورٹی فورسز امن کے قیام کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے صوبے کو اس کا جائز این ایف سی شیئر نہیں مل رہا، تاہم عمران خان کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود عوامی فلاح کے منصوبے جاری رکھے گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی پروگرام ہے، جس کے تحت پشاور کے لیے 200 ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی پیکج مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل صرف شہری علاقوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دیہی پشاور اور صوبے کے تمام اضلاع کو بھی یکساں ترقیاتی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رواں مالی سال خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا۔

متعلقہ خبریں