ساہیوال میں سی سی ڈی کا مبینہ پولیس مقابلہ، زیر حراست ملزم ہلاک، دو ساتھی فرار ہونے کا دعویٰ

ساہیوال: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ساہیوال اور پاکپتن کی مشترکہ کارروائی کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

سی سی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت 45 سالہ قدیر حسین کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع قصور کے علاقے کھڈیاں خاص کا رہائشی تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ایک سنگین مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر تھا اور چند روز قبل سی سی ڈی پاکپتن کی تحویل سے فرار ہوگیا تھا۔ اس کے خلاف قتل، اقدام قتل، اغوا سمیت متعدد مقدمات درج تھے۔

سی سی ڈی کے مطابق اتوار کی شب مالنگ موڑ، چک 78/5-L کے قریب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر ناکہ بندی کی گئی۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد تقریباً 20 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ کارروائی کے اختتام پر قدیر حسین کی لاش برآمد ہوئی جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔

حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں میڈیکل بورڈ معائنہ کرے گا۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ساہیوال کے قریب ایک علیحدہ مبینہ پولیس مقابلے میں قصور سے تعلق رکھنے والا ایک اور مطلوب ملزم کبیر ہلاک ہوگیا، جو پولیس کو 45 مقدمات میں مطلوب تھا۔

متعلقہ خبریں