ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا رات گئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات مزید بہتر بنانے کی ہدایت
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری، بروقت اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، ادویات کی مسلسل دستیابی برقرار رکھی جائے، ایمرجنسی سروسز کو مزید مؤثر بنایا جائے، سکیورٹی انتظامات مضبوط کیے جائیں اور مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا اور علاج معالجے میں کسی بھی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہوگی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تمام شعبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دورے کے دوران انہوں نے میڈیکل، سرجیکل، چلڈرن اور فی میل وارڈز، ایمرجنسی، سی ٹی سکین یونٹ، میڈیسن سٹور، فارمیسی، حاضری رجسٹر، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، ایئر کنڈیشنرز، لائٹس، ادویات کی دستیابی اور دیگر طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کر کے علاج، ادویات اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔
اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی وٹو، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔