ڈی ایس پی کیڈٹ نواز خان کی شہید ہیڈ کانسٹیبل عامر خان سواتی کی قبر پر حاضری، اہلِ خانہ سے ملاقات، پولیس کا شہداء کے خاندانوں کی بھرپور معاونت جاری رکھنے کا عزم
تورغر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تورغر سید مختار شاہ (پی ایس پی) کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی کیڈٹ نواز خان نے شہید ہیڈ کانسٹیبل عامر خان سواتی کے آبائی علاقے بیلیاں، اوگی (ضلع مانسہرہ) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کی قبر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور وطن کی خاطر دی گئی عظیم قربانی پر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بعد ازاں ڈی ایس پی کیڈٹ نواز خان نے شہید کے اہلِ خانہ اور بچوں سے ملاقات کی، ان سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اپنے شہداء کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑتی اور شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر شہید کے اہلِ خانہ کو کسی بھی قسم کا جائز مسئلہ درپیش ہو تو پولیس آفس میں قائم "شہداء ڈیسک” ہر وقت ان کی خدمت کے لیے موجود ہے، جہاں وہ بلا جھجک رجوع کر سکتے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا پولیس شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود اور ان کی ہر ممکن معاونت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔