بہاولنگر پولیس میں متعدد تھانوں کے ایس ایچ اوز تبدیل، میرٹ اور کارکردگی کو ترجیح
تمام پولیس افسران اپنے فیصلے قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق کریں: ڈی پی اوبہاولنگر
بہاولنگر: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق بہاولنگر پولیس میں انتظامی تبدیلیاں کرتے ہوئے متعدد تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران کے مطابق ان تعیناتیوں کا مقصد تھانہ کلچر میں بہتری، جرائم پر قابو پانا اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔
پولیس کے مطابق تھانہ صدر بہاولنگر کے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالجبار، تھانہ بخشن خان کے ایس ایچ او سب انسپکٹر عامر صدیق، تھانہ تخت محل کے ایس ایچ او سب انسپکٹر تاج شاہین اور تھانہ صدر ہارون آباد کے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد آصف کو معطل کرکے کلوز ٹو لائن کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سب انسپکٹر نعمان اقبال، جو اس سے قبل تھانہ منڈی صادق گنج کے ایس ایچ او تعینات تھے، کو ایس ایچ او تھانہ تخت محل مقرر کیا گیا ہے۔ سب انسپکٹر محمد ذیشان کو ایس ایچ او تھانہ منڈی صادق گنج جبکہ سب انسپکٹر خرم حسین کو ایس ایچ او تھانہ صدر ہارون آباد تعینات کیا گیا ہے۔
ڈی پی او محمد عمران نے نئے تعینات ہونے والے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔
انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے شہریوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا اور حل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے ساتھ پولیس کے رویے میں مثبت تبدیلی لانا اور انہیں عزت و احترام کے ساتھ خدمات فراہم کرنا ضروری ہے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ تمام پولیس افسران اپنے فیصلے قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق کریں۔ ان کے مطابق میرٹ پر پورا اترنے والے اور ایمانداری سے فرائض انجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم غفلت، لاپرواہی یا اختیارات کے ناجائز استعمال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات براہ راست سننے اور پولیس و عوام کے درمیان رابطہ بہتر بنانے کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
پولیس حکام کے مطابق حالیہ تعیناتیوں کا مقصد ضلع میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانا، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو پولیس سے بروقت اور بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔