برطانیہ میں ساحل پر کچرا پھینکنے پر جرمانہ 500 پاؤنڈ تک بڑھانے کی تجویز

نارفولک: برطانیہ کے مشہور نارتھ نارفولک ساحل پر کچرا پھینکنے والوں کے لیے جرمانہ 500 پاؤنڈ، یعنی تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار پاکستانی روپے، تک بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق نارتھ نارفولک ڈسٹرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے جانے والے مقررہ جرمانے کے نوٹسز (Fixed Penalty Notices) کے لیے اس وقت زیادہ سے زیادہ جرمانہ 80 پاؤنڈ مقرر ہے، تاہم مقامی اتھارٹی کی جانب سے اسے مستقبل قریب میں 500 پاؤنڈ تک بڑھائے جانے کی توقع ہے۔

اسی طرح فلائی ٹِپنگ یعنی غیر قانونی طور پر کچرا پھینکنے پر موجودہ زیادہ سے زیادہ جرمانہ 300 پاؤنڈ سے بڑھا کر ایک ہزار پاؤنڈ تک کیے جانے کی تجویز ہے۔

کچرے سے متعلق خدمات کی نگرانی کرنے والی کونسل کی کابینہ کی ایک رکن نے کہا کہ کمیونٹیز میں کچرے کے مسئلے پر مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھاری جرمانے لوگوں کو کچرا پھینکنے یا فلائی ٹِپنگ جیسے جرائم کا ارتکاب کرنے سے پہلے دو بار سوچنے پر مجبور کریں گے۔

نارتھ نارفولک میں کرومر، شیرنگھم اور ویسٹ رنٹن سمیت تقریباً 45 میل طویل خوبصورت ساحلی پٹی موجود ہے، جو ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔

نارتھ نارفولک ڈسٹرکٹ کونسل کے ترجمان کے مطابق قانونی حد تک مقررہ جرمانے کے نوٹسز میں اضافہ کچرا پھینکنے اور فلائی ٹِپنگ کے خلاف ایک مضبوط پیغام دے گا اور نارتھ نارفولک میں ماحولیاتی فضلے سے متعلق جرائم کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ مجوزہ اضافہ متناسب ہے اور کچرے سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی وسیع تر مہم میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ خبریں