پشاور میں خواتین کے لیے پنک بس سروس کا افتتاح

نئی ہائبرڈ بسوں کی شمولیت سے بی آر ٹی فلیٹ 296 بسوں تک پہنچ گیا، خواتین مسافروں کو 25 فیصد کم کرایہ ادا کرنا ہوگا

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پشاور میں خواتین کے لیے پنک بس سروس، نئی ہائبرڈ بسوں، چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن اور حیات آباد میں نئے مال آف حیات آباد ڈپو کا افتتاح کردیا۔

مال آف حیات آباد ڈپو میں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے صوبے بھر میں خواتین کے لیے پنک بسیں چلانے کا وعدہ کیا تھا اور اب یہ بسیں سڑکوں پر آگئی ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پنک بسوں میں سفر کرنے والی خواتین سے دیگر بسوں کے مقابلے میں 25 فیصد کم کرایہ وصول کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنک بس سروس میں خدمات انجام دینے والی خواتین ڈرائیورز کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دیگر خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں۔

تقریب میں نئی ہائبرڈ بسوں، چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن، مال آف حیات آباد ڈپو کے قیام اور دیگر منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

شرکاء کو بتایا گیا کہ پشاور بی آر ٹی روزانہ تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار مسافروں کو سفری سہولت فراہم کررہی ہے، جن میں تقریباً 30 فیصد خواتین شامل ہیں۔ بی آر ٹی نظام سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کا باعث بن رہا ہے۔

نئی 52 بسوں کی شمولیت کے بعد بی آر ٹی کے مجموعی فلیٹ میں بسوں کی تعداد 296 ہوگئی ہے۔ نئی بسوں سے مزید روٹس شروع کرنے اور موجودہ روٹس پر مسافروں کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

خواتین کی مخصوص سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے مرحلے میں پانچ پنک بسیں منتخب روٹس پر رش کے اوقات میں چلائی جائیں گی۔ بعد ازاں پنک بسوں کی تعداد اور روٹس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق 50 مزید بسوں اور نئے ڈپو کی خریداری و تعمیر کا عمل بھی جاری ہے، جس پر تقریباً 6.2 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ رواں سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں مزید 50 بسیں شامل کی گئی ہیں، جن پر 5 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

بی آر ٹی نظام کی مکمل سولرائزیشن کے لیے مزید 1.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد بی آر ٹی کے بجلی کے اخراجات میں مزید کمی متوقع ہے۔

متعلقہ خبریں