اسلام آباد میں سیاحت کے فروغ کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ

ایف نائن پارک سے 25 کلومیٹر سٹی ٹور، ابتدائی طور پر چار برقی بسیں چلانے کی تجویز

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وفاقی دارالحکومت میں سیاحت کے فروغ کے لیے ڈبل ڈیکر بس سروسشروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے حال ہی میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) سے بسوں کی خریداری کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی اور تخمینہ تیار کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔

ابتدائی منصوبے کے تحت چار بسوں سے سٹی ٹور سروس شروع کی جائے گی۔ تقریباً 25 کلومیٹر طویل روٹ ایف نائن پارک سے شروع ہوگا اور فیصل مسجد، لوک ورثہ، شکرپڑیاں سمیت اسلام آباد کے اہم سیاحتی مقامات کا احاطہ کرے گا۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سے مشاورت جاری ہے اور اس کی تجاویز موصول ہونے کے بعد بسوں کی خریداری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ایک سی ڈی اے افسر کے مطابق اگر منصوبہ طے شدہ طریقے سے آگے بڑھا تو تین ماہ میں سروس شروع کی جاسکتی ہے۔

حکام کے مطابق ڈبل ڈیکر بسیں ماحول دوست الیکٹرک بسیں ہوں گی۔ تاہم بسوں کی مقامی تیاری یا چین سے درآمد کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔

سی ڈی اے پہلے ہی اپنے کنٹریکٹر کے ذریعے اسلام آباد میں 20 سے زائد روٹس پر 160 سے زیادہ الیکٹرک بسیں چلا رہا ہے، جنہیں شہریوں کی جانب سے مثبت پذیرائی مل رہی ہے۔

سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ الیکٹرک بس سروس کے تجربے اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی تجاویز کی روشنی میں ڈبل ڈیکر بس منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔

واضح رہے کہ سی ڈی اے ماضی میں بھی اسلام آباد میں ٹرام سروس شروع کرنے کے اعلانات کرچکا ہے، تاہم یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کرسکا۔

متعلقہ خبریں