لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عمان میں پنجاب حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام ’اپنی چھت اپنا گھر‘ کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام (UN-Habitat) کا معزز Scroll of Honour Award حاصل کرلیا۔
یہ اعزاز صوبے کے مستحق شہریوں کو سستے اور قابلِ استطاعت گھروں کی فراہمی کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کو دیا گیا ہے۔ ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبہ 21 اگست 2024 کو شروع کیا گیا تھا، جس کی تکمیل کے لیے ساڑھے چار سال کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
صوبائی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے اس اعزاز کو پاکستان اور پنجاب کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے اس وژن کی عالمی سطح پر پذیرائی ہے جس کا مقصد عام خاندانوں کو محفوظ گھر، عزت اور معاشی استحکام فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پروگرام کے تحت اب تک پنجاب بھر میں 2 لاکھ سے زائد گھر فراہم کیے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا رہا ہے۔
’اپنی چھت اپنا گھر‘ کا مقصد خصوصاً کم آمدنی والے ان افراد کو اپنے گھر کی ملکیت حاصل کرنے میں مدد دینا ہے جو کرائے کے مکانوں یا غیر رسمی بستیوں میں رہائش پذیر ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم سکندر حیات نے بھی عالمی اعزاز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ کے وژن کو عملی شکل دینے میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین سمیت متعلقہ اداروں کی محنت اور عزم کا اعتراف ہے۔