کراچی: جام چاکرو لینڈ فل سائٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح، چار گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں تعمیر کیے جانے والے چار گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز (جی ٹی ایس) تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جبکہ شہر میں سندھ کی پہلی سائنسی بنیادوں پر تیار کردہ سینیٹری انجینئرڈ لینڈ فل سائٹ جام چاکرو کے پہلے مرحلے کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پیر کو جام چاکرو میں منصوبے کا افتتاح فیتہ کاٹ کر کیا اور وہاں کچرا منتقل کرنے کے عمل کا آغاز بھی کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر محنت سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ورلڈ بینک کے تعاون سے مکمل کیے جانے والے اس منصوبے پر تقریباً 14 ارب روپے لاگت آئے گی، جس میں ورلڈ بینک کی جانب سے 10 کروڑ ڈالر اور سندھ حکومت کی جانب سے 50 لاکھ ڈالر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کا مقصد کراچی میں ٹھوس فضلے کے انتظام کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور کچرے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے عمل کو فروغ دینا ہے۔

چاروں گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز پہلے غیر رسمی کچرا پھینکنے کی جگہوں کے طور پر استعمال ہوتے تھے، جنہیں ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے جاری سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیشنسی پروجیکٹ (SWEEP) کے تحت جدید بنایا جا رہا ہے۔ کچرا اٹھانے، تجاوزات کے خاتمے اور زمین کی منتقلی سے متعلق مسائل کے باعث ان منصوبوں پر کام میں تاخیر ہوئی۔

ابتدائی طور پر ان اسٹیشنز کو اگست 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم اب نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق تین اسٹیشنز اکتوبر اور نومبر 2026 تک جبکہ ڈنگا موڑ اسٹیشن مارچ 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔

وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شرافی گوٹھ گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کا 71.43 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اسے 30 اکتوبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف ہے۔ امتیاز اسٹیشن کا 62.82 فیصد جبکہ گٹر باغیچہ اسٹیشن کا 51.92 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ دونوں اسٹیشنز 30 نومبر 2026 تک مکمل کیے جانے کا منصوبہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈنگا موڑ اسٹیشن پر اب تک 14.11 فیصد کام مکمل ہوا ہے اور اس کی تکمیل 30 مارچ 2027 تک متوقع ہے۔ جام چاکرو لینڈ فل سائٹ کے تین انجینئرڈ سیلز مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ تعمیراتی پیکیج پر مجموعی پیش رفت 61.67 فیصد ہے۔ باقی ماندہ کام 30 نومبر 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق تقریباً 150 ایکڑ پر مشتمل لینڈ فل سائٹ کو جدید انجینئرنگ تقاضوں کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔ اس میں جیوٹیکسٹائل سمیت مخصوص حفاظتی تہیں بچھائی گئی ہیں تاکہ کچرے سے پیدا ہونے والے آلودہ مادوں کو زمین میں جذب ہونے اور مٹی کو آلودہ کرنے سے روکا جا سکے۔ اس کے علاوہ آلودہ مائع (لیچیٹ) جمع کرنے اور اس کے انتظام کا نظام، درست ریکارڈ کے لیے وی برج اور ماحولیاتی نگرانی کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وی برج کو درست طریقے سے چلایا جائے، روزانہ موصول ہونے والے کچرے کا ریکارڈ مرتب کیا جائے اور باقاعدہ رپورٹنگ کا نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کچرا صرف مخصوص انجینئرڈ سیلز میں ہی ڈالا جائے، کیونکہ روایتی طریقے سے کچرا پھینکنے سے ماحول آلودہ ہوتا ہے اور بیماریاں پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

وزیر بلدیات نے بتایا کہ لینڈ فل سائٹ ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے جس میں چار گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز بھی شامل ہیں۔ ان اسٹیشنز کی مجموعی کچرا سنبھالنے کی صلاحیت یومیہ 6,500 ٹن ہے۔ مختلف علاقوں سے جمع ہونے والا کچرا ان اسٹیشنز پر بڑے گاڑیوں میں منتقل کیا جائے گا، جن کے ذریعے اسے جام چاکرو لینڈ فل سائٹ تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لینڈ فل منصوبے سے تقریباً دو کروڑ ڈالر مالیت کے کاربن کریڈٹس حاصل ہونے کی توقع ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ کراچی میں کچرے کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو سائنسی، ماحول دوست اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

دریں اثنا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کہا کہ سندھ اسمبلی متعدد مرتبہ نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز مسترد کرنے کی قراردادیں منظور کر چکی ہے اور اسمبلی کے اس مؤقف کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے، تاہم نئے صوبوں کا قیام آئینی طریقہ کار کے مطابق ہی ممکن ہے، جس میں متعلقہ قانون ساز اداروں کی منظوری اور جہاں آئین تقاضا کرے وہاں دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ضروری ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے منتخب نمائندوں نے اسمبلی کے ذریعے صوبے کے عوام کے مؤقف کا اظہار کیا ہے اور نئے صوبوں کے معاملے پر سندھ اسمبلی کا مؤقف واضح ہے۔

متعلقہ خبریں