پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 7 فروری 2027 کو ہوگا: الیکشن کمشن آف پاکستان

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں دھند اور موسمی حالات کے پیش نظر انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 14 دسمبر کو کرانے کی تجویز دی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے جمعرات کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق سماعت کے دوران یہ فیصلہ کیا۔ بینچ میں ارکان نثار احمد درانی، شاہ محمد جتوئی اور بابر حسن بھروانہ شامل تھے۔

سماعت کے دوران پنجاب کے چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ ذیشان رفیق اور متعلقہ محکمے کے سیکریٹری پیش ہوئے۔ چیف سیکریٹری نے کمیشن کو بتایا کہ صوبائی حکومت انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے اور ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی سے متعلق مطلوبہ معلومات اور دستاویزات بھی الیکشن کمیشن کو فراہم کر دی گئی ہیں۔

چیف سیکریٹری نے مؤقف اختیار کیا کہ دسمبر اور جنوری میں پنجاب، خصوصاً لاہور میں شدید دھند کے باعث نقل و حمل اور انتخابی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ سرد موسم، دن کی مختصر روشنی اور ووٹرز کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے 20 جنوری 2027 کے بعد مرحلہ وار انتخابات کرانے کی درخواست کی۔

انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز کے لیے اسکولوں کی عمارتوں اور ووٹرز کی آمدورفت کے لیے ٹرانسپورٹ کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں، تاہم ضروری تیاریوں کے لیے مزید دو ماہ درکار ہیں۔ چیف سیکریٹری کے مطابق صوبائی حکومت جنوری یا فروری میں انتخابات کرانے پر بھی آمادہ ہے۔

الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکلز 140-A اور 219 (ڈی) اور الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت صوبوں، اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کرانا کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 (3) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق کرانا بھی اس کی ذمہ داری ہے۔

کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست قبول کرتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کو پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔

واضح رہے کہ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، جبکہ منتخب بلدیاتی اداروں نے 31 دسمبر 2021 کو اپنی مدت مکمل کی۔ آئین اور انتخابی قوانین کے تحت بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر نئے انتخابات کرائے جانے چاہئیں، تاہم پنجاب میں اپریل 2022 سے اب تک بلدیاتی انتخابات مسلسل تاخیر کا شکار ہیں۔

متعلقہ خبریں