ہیگ چارٹر برائے مقامی امن
The Hague Charter on Municipal Peace
قومی امن و ہم آہنگی کا راستہ
تحریر: ڈاکٹر بلال ظفر
تعارف
اکتوبر 2024 میں ہیگ چارٹر برائے میونسپل امن کا اجراء عالمی امن و استحکام کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ چارٹر ایک اہم بین الاقوامی فریم ورک ہے جو دنیا بھر میں شہروں اور مقامی حکومتوں کے کردار کو تسلیم کرتا ہے کہ وہ تنازعات کے تدارک، امن کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ اور پائیدار معاشروں کے قیام میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ یہ چارٹر اس تصور پر مبنی ہے کہ امن صرف قومی حکومتوں یا بین الاقوامی اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ مقامی سطح پر کام کرنے والے ادارے، شہری انتظامیہ اور کمیونٹیز بھی امن سازی کے عمل کے اہم فریق ہیں۔ یہ چارٹر ایسوسی ایشن آف نیدرلینڈز میونسپلٹیز (VNG) اور ہالینڈ کے شہر ہیگ کے تعاون سے تیار کیا گیا، جس کا مقصد مقامی حکومتوں کو امن، سلامتی، شمولیت اور انسانی حقوق کے عالمی ایجنڈے میں فعال شراکت دار کے طور پر تسلیم کرنا ہے۔ بعد ازاں اسے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس (António Guterres) کے سامنے پیش کیا گیا، جس سے مقامی حکومتوں کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار کو مزید تقویت ملی۔
ہیگ چارٹر مقامی حکومتوں کو "امن کے عملی مراکز” کے طور پر دیکھتا ہے اور اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے شہر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھیں، امن سازی کے مقامی ماڈلز تیار کریں اور انسانی حقوق پر مبنی حکمرانی کو فروغ دیں۔
ہیگ چارٹر برائے میونسپل امن اس بات پر زور دیتا ہے کہ شہر اور مقامی علاقے تنازعات کے ابتدائی اثرات کو سب سے پہلے محسوس کرتے ہیں، اس لیے وہ امن کے قیام، سماجی ہم آہنگی، مکالمے کے فروغ اور عدم برداشت کے خاتمے میں منفرد مقام رکھتے ہیں۔ مقامی حکومتیں اپنے اختیارات کے ذریعے تعلیم، شہری خدمات، شمولیتی پالیسیوں، نوجوانوں کی ترقی، مہاجرین کے انضمام اور کمیونٹی روابط کو مضبوط بنا کر امن کے لیے سازگار ماحول پیدا کر سکتی ہیں۔ ہیگ چارٹر مقامی حکومتوں کو "امن کے عملی مراکز” کے طور پر دیکھتا ہے اور اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے شہر ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھیں، امن سازی کے مقامی ماڈلز تیار کریں اور انسانی حقوق پر مبنی حکمرانی کو فروغ دیں۔ یہ تصور اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے بھی ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد پرامن، منصفانہ اور مضبوط اداروں کا قیام ہے۔
مقامی حکومتوں کے عالمی کردار کے حوالے سے یہ چارٹر ایک اہم پیش رفت ہے، کیونکہ جدید دنیا میں امن صرف جنگوں کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ ایسا معاشرہ تشکیل دینا بھی ہے جہاں شہریوں کو مساوی مواقع، بنیادی خدمات، تحفظ اور فیصلہ سازی میں شرکت حاصل ہو۔ پاکستان کے تناظر میں اس چارٹر کی افادیت انتہائی اہم ہے، کیونکہ ہمارا ملک شدید سیاسی تقسیم، فرقہ وارانہ تشدد، دہشت گردی، اور سماجی عدم مساوات جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ہیگ چارٹر کا بنیادی فلسفہ کہ "امن محض جنگ کی غیر موجودگی نہیں بلکہ سماجی انصاف، مساوات اور شمولیت پر استوار ہے” ، پاکستان میں امن کے حقیقی تصور کو سمجھنے کے لیے راہنما اصول فراہم کرتا ہے۔
پاکستان میں مقامی حکومتوں کی موجودہ صورتحال
پاکستان میں مقامی حکومتوں کا نظام ایک تلخ حقیقت کا آئینہ دار ہے۔ آرٹیکل 140-A کے باوجود، جو صوبوں کو مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنے کا پابند کرتا ہے، مؤثر مقامی حکومتیں اب تک معدوم ہیں ۔ انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، 2010 اور 2023 کے درمیان پنجاب میں صرف دو سال (2017-18)، سندھ میں چھ سال (2016-20 اور 2023)، خیبر پختونخواہ میں چھ سال (2017-20 اور 2022-23)، اور بلوچستان میں چھ سال (2016-20 اور 2023) مقامی حکومتیں فعال رہیں ۔ یہ صورتحال دراصل ایک تاریخی سیاسی ورثہ ہے۔ پاکستان میں مقامی حکومتوں کا پہلا تجربہ فیلڈ مارشل ایوب خان نے 1958 میں مارشل لا کے بعد بنیادی جمہوریت کے نظام کے ذریعے متعارف کرایا، جس کا مقصد فوجی حکومت کو جائزیت فراہم کرنا تھا ۔ ضیاء الحق اور مشرف ادوار میں بھی یہی حکمت عملی اپنائی گئی۔ اس تاریخ نے سیاسی جماعتوں میں مقامی حکومتوں کے خلاف مستقل عدم اعتماد پیدا کر دیا، اور جب بھی جمہوری حکومتیں آئیں، انہوں نے مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے سے گریز کیا ۔
پاکستان کے تناظر میں ہیگ چارٹر برائے مقای امن کی افادیت انتہائی اہم ہے، کیونکہ ہمارا ملک شدید سیاسی تقسیم، فرقہ وارانہ تشدد، دہشت گردی، اور سماجی عدم مساوات جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔
ہیگ چارٹر کے چار بنیادی ستون اور پاکستانی تناظر
ہیگ چارٹر کے چار بنیادی ستون پاکستان میں امن کے قیام کے لیے راہنما اصول فراہم کرتے ہیں:
- انتہا پسندی اور قطبی تقسیم یا پولرائزیشن کی روک تھام
پاکستان میں انتہا پسندی ایک سنگین چیلنج ہے۔ 2024 میں پاکستان میں 800 سے زائد دہشت گرد حملے ہوئے، جن میں 1,100 سے زائد افراد ہلاک اور 1,200 زخمی ہوئے ۔ مقامی حکومتیں اس انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے میں گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہیں ۔
- ابتدائی انتباہی نظام: مقامی نمائندے براہ راست عوام کے رابطے میں ہوتے ہیں، اس لیے وہ انتہا پسندی کی ابتدائی علامات کا پتہ لگا سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، سوات میں 2010-12 کے بحران کے دوران مقامی عمائدین نے اہم کردار ادا کیا ۔
- کمیونٹی پر مبنی انسدادِ انتہا پسندی: مقامی حکومتیں اسکولوں، مساجد، اور کمیونٹی سینٹرز میں انتہا پسندی کے رجحانات کی نگرانی کر سکتی ہیں اور متبادل بیانیہ فراہم کر سکتی ہیں ۔
- نوجوانوں کی مصروفیت: بے روزگاری اور سماجی اخراج نوجوانوں کو انتہا پسندوں کا آسان شکار بناتے ہیں۔ مقامی حکومتیں روزگار کے مواقع اور متبادل سرگرمیاں فراہم کر کے اس خطرے کو کم کر سکتی ہیں ۔
- شہری تشدد سے نمٹنا
پاکستان کے بڑے شہروں میں گینگ وار، نسلی کشیدگی، اور جرائم اہم مسائل ہیں۔ کراچی میں لیاری پیس انیشی ایٹو اس کی ایک کامیاب مثال ہے جہاں کمیونٹی کی مصروفیت نے گینگ وار کو کم کرنے میں مدد کی ۔
- کمیونٹی پولیسنگ: مقامی حکومتوں کو پولیس کی نگرانی کا اختیار دیا جانا چاہیے۔ خیبر پختونخواہ میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (DRCs) نے مقامی تنازعات کو حل کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
- نوجوانوں کے لیے متبادل پروگرام: کھیلوں، آرٹس اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو جرائم سے دور رکھا جا سکتا ہے۔
- محفوظ عوامی مقامات: روشن، محفوظ پارکس اور کمیونٹی سینٹرز جرائم کو کم کرنے میں معاون ہیں۔
- برادریوں کے درمیان تنازعات میں کمی
پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد، نسلی کشیدگی، اور اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک عام ہیں۔ چارٹر ثقافتی تبادلے اور ثالثی خدمات پر زور دیتا ہے ۔
- ڈسٹرکٹ پیس کمیٹیز (DPCs): پاکستان میں ضلعی امن کمیٹیاں موجود ہیں، لیکن انہیں قانونی حیثیت حاصل نہیں۔ HRCP کی رپورٹ کے مطابق، 75 فیصد DPCs کے پاس رسمی شرائطِ عمل نہیں ہیں ۔ صرف 37 فیصد DPCs میں کسی مذہبی اقلیت کا نمائندہ شامل ہے، اور سندھ میں حیدرآباد اور سکھر کے علاوہ کسی بھیDPC میں خواتین شامل نہیں ۔
- قانونی فریم ورک کی ضرورت: ضلعی امن کمیٹیوں کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ خیبر پختونخواہ کا DRC ماڈل ایک کامیاب مثال ہے جہاں قانونی بنیادوں پر مقامی تنازعات حل کیے جا رہے ہیں ۔جس کی حالیہ مثال آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان کی جانب سے مقامی برادریوں کے درمیان دیرینہ دشمنی کے خاتمہ کے لئے صلح کروانا ہے۔
- تعداد میں خواتین اور اقلیتوں کی شرکت: امن کمیٹیوں میں اقلیتوں اور خواتین کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔
- اندرونی نقل مکانی اور انسانی حرکت
موسمیاتی تبدیلی، جنگ، اور معاشی مشکلات پاکستان میں اندرونی نقل مکانی کا باعث بن رہی ہیں۔ سندھ اور پنجاب میں حالیہ سیلاب سے بے گھر ہونے والے لاکھوں افراد کو درپیش مشکلات اس چیلنج کی عکاسی کرتی ہیں ۔
- تارکین وطن کے لیے جامع پالیسیاں: مقامی حکومتیں تارکین وطن کو صحت، تعلیم، اور رہائش جیسی بنیادی خدمات تک رسائی کو یقینی بنائیں۔
- زینو فوبیا کے خلاف آگاہی مہمات: مقامی سطح پر رواداری اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیا جائے۔
- زبان اور ہنر کی تربیت: تارکین وطن کو معاشرے میں ضم کرنے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔
پاکستان میں مقامی امن کے لیے عملی اقدامات
ہیگ چارٹر پاکستان کے لیے درج ذیل عملی اقدامات تجویز کرتا ہے:
- آئینی تحفظ: آرٹیکل 140-A میں ترمیم کر کے مقامی حکومتوں کو مستقل اور غیر منقولہ حیثیت دی جائے ۔ کچھ ماہرین مقامی حکومتوں کے لیے ایک علیحدہ باب تجویز کر رہے ہیں ۔
- مالی خودمختاری: صوبائی فنانس کمیشنز (PFCs) کو فعال بنایا جائے تاکہ مقامی حکومتوں کو باقاعدہ اور منصفانہ مالیاتی منتقلی ممکن ہو ۔
- انتظامی اختیارات کی منتقلی: صحت، تعلیم، پانی، صفائی، اور انفراسٹرکچر جیسے اہم شعبوں کا کنٹرول مقامی حکومتوں کو دیا جائے۔
- ضلعی امن کمیٹیوں کو قانونی حیثیت: DPCs کو قانونی فریم ورک دیا جائے، ان کے اختیارات، ذمہ داریاں، اور رکنیت کے معیارات متعین کیے جائیں ۔
- الیکشن کمیشن کا کردار: الیکشن کمیشن کو وقت پر مقامی حکومتوں کے انتخابات کرانے کو یقینی بنایا جائے۔ ایکٹ 2017 کے سیکشن 219(4) کے باوجود، یہ شق بار بار نظر انداز کی جاتی ہے ۔
- کثیرالسطحی حکمرانی: وفاق، صوبوں، اور مقامی حکومتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لئے ملٹی لیول گورننس کے لئے ضابطہ تشکیل دیا جائے۔
بہت سارے چیلنجز کے باوجود، پاکستان میں مقامی سطح پر امن قائم کرنے کی کچھ کامیاب مثالیں بھی موجود ہیں۔
پاکستان میں کامیاب ماڈلز
بہت سارے چیلنجز کے باوجود، پاکستان میں مقامی سطح پر امن قائم کرنے کی کچھ کامیاب مثالیں بھی موجود ہیں:
- خیبر پختونخواہ کی ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (DRCs): ان کونسلوں نے مقامی تنازعات کو حل کرنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے اور عدالتوں کے بوجھ کو کم کیا ہے ۔
- سوات میں قبائلی عمائدین کا کردار: 2010-12 کے بحران کے دوران مقامی عمائدین نے سیکیورٹی فورسز کی مدد کی ۔
- لیاری پیس انیشی ایٹو: کراچی میں کمیونٹی کی مصروفیت نے گینگ وار کو کم کیا ۔
- سندھ میں سیاسی اتفاق: ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے پر اتفاق رائے ۔گوکہ اس پہ عمل درآمد کے لئے اس طرح کے جوش وخروش کا اظہار سامنے نہیں آیا اور بات زبانی جمع خرچ تک ہی محدود رہی۔
مقامی سطح پر امن کی راہ میں حائل رکاوٹیں
ان شاندار کامیابیوں کے باوجود، درج ذیل رکاوٹیں امن کے راستے میں حائل ہیں:
- سیاسی عدم اعتماد: سیاسی جماعتیں مقامی حکومتوں کو اپنا حریف سمجھتی ہیں اور انہیں بااختیار نہیں بنانا چاہتیں ۔
- مالی وسائل کی کمی: صوبائی حکومتیں مقامی حکومتوں کو ناکافی فنڈز فراہم کرتی ہیں ۔
- قانونی غیر یقینی: مقامی حکومتوں کی آئینی و قانونی حیثیت غیر مستحکم ہے اور انہیں کسی بھی وقت ختم کیا جا سکتا ہے ۔
- وفاقی مداخلت: وفاقی حکومت صوبوں کے امور میں مداخلت کرتی ہے، جس سے مقامی حکومتوں کا دائرہ کار محدود ہوتا ہے ۔
امن کا مستقبل ہماری گلیوں، محلوں، اور شہروں میں لکھا جا رہا ہے ۔
ہیگ چارٹر برائے میونسپل امن پاکستان کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔ یہ چارٹر نہ صرف امن کا ایک نیا تصور پیش کرتا ہے بلکہ اس کے حصول کے لیے عملی راستہ بھی فراہم کرتا ہے۔ہماری قومی وصوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ ہیگ چارٹر برائے امن کے اصولوں کو اپناتے ہوئے:
- مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ فراہم کریں۔
- انہیں مالی اور انتظامی خودمختاری دیں۔
- ضلعی امن کمیٹیوں کو قانونی حیثیت بخشیں۔
- اور کثیرالسطحی حکمرانی کو فروغ دیں۔
ہیگ چارٹر برائے امن کہتا ہے کہ امن کا مستقبل ہماری گلیوں، محلوں، اور شہروں میں لکھا جا رہا ہے ۔پاکستان میں مقامی حکومتیں، اگر بااختیار بنائی جائیں، تو وہ نہ صرف شہری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا سکتی ہیں بلکہ امن، رواداری، اور شمولیت کے مرکز میں تبدیل ہو سکتی ہیں ۔ یہ چارٹر پاکستانی قیادت کے لیے ایک نعمت غیر مترقبہہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ ہم اپنی تنگ نظر سیاست اور سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی فلاح اور قومی امن و استحکام کے لیے کام کریں گے اور جواب اس سوال میں مضمر ہے کہ کیا ہم مقامی حکومتوں کو واقعی بااختیار بنانے کے لیے تیار ہیں؟