نیو کراچی ٹاؤن میں الخدمت اسٹریٹ، چراغ الاسلام اسٹریٹ اور پارک کا افتتاح، ترقیاتی منصوبے بلا تعطل جاری ہیں: چیئرمین محمد یوسف

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 9، سیکٹر 11 ایف میں تعمیر و مرمت کے بعد الخدمت اسٹریٹ، چراغ الاسلام اسٹریٹ اور تزئین و آرائش کے بعد پارک کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور تقریباً ہر روز کسی نہ کسی عوامی فلاحی منصوبے کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں خدمت کی ذمہ داری سونپی، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود وسائل اور مالی مشکلات کے باوجود جماعت اسلامی کی منتخب بلدیاتی قیادت دیانت داری، شفافیت اور بہتر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے ترقیاتی کاموں کو بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں، پارکوں، صفائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے تاکہ شہریوں کے معیارِ زندگی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔ محمد یوسف نے مزید کہا کہ عوامی خدمت صرف وعدوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے، اسی لیے دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ اداروں سے بھی مسلسل رابطہ رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد اور تعاون ہی ان کی اصل طاقت ہے اور یہی اعتماد انہیں مزید خدمت کے لیے متحرک رکھتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ علاقے میں مزید ترقیاتی اور فلاحی منصوبے بھی جلد مکمل کیے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں