پنجاب میں دیہی خواتین کے لیے مفت مویشی پروگرام کا آغاز، جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع شامل

لاہور (نمائندہ خصوصی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت دیہی خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے مفت مویشی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں پنجاب کے 13 اضلاع کی مستحق دیہی خواتین کو مفت مویشی فراہم کیے جائیں گے۔

پروگرام کے تحت ملتان، رحیم یار خان، تونسہ، بہاولنگر، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ، کوٹ ادو اور بہاولپور میں مفت جانور تقسیم کیے جائیں گے۔

اس سکیم کے لیے 55 سال تک کی مطلقہ یا بیوہ دیہی خواتین اہل ہوں گی۔ درخواست گزار کی مطلقہ یا بیوہ حیثیت کی تصدیق پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی سے ہونا لازمی ہوگی، جبکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران کسی سرکاری سکیم سے مویشی حاصل کرنے والی خواتین دوبارہ اس پروگرام سے استفادہ نہیں کر سکیں گی۔

حکومت پنجاب نے درخواست گزار خواتین کی سہولت کے لیے قریبی ویٹرنری ہسپتالوں اور شفاخانہ حیوانات میں وزیراعلیٰ سہولت ڈیسکبھی قائم کر دیے ہیں۔ اہل خواتین آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی درخواست جمع کرا سکتی ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کیے بغیر غربت جیسے بڑے چیلنج سے نمٹنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کی فراہمی اور مالی معاونت کے ذریعے دیہی خواتین کو خودمختار بنانا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

متعلقہ خبریں