ملک بھر میں بڑھتی مہنگائی نے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا، کراچی، لاہور، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، چمن، مہمند سمیت مختلف شہروں میں نون لیگ، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔

لاہور(نمائندگان مقامی حکومت)احتجاج کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں، پی ڈی ایم کے تحت کراچی ایمپریس مارکیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔لاہور میں مسلم لیگ نون نے مہنگائی کےخلاف جین مندرچوک پراحتجاج کیا، احتجاج میں شامل نون لیگی کارکنوں نے یوٹیلٹی بلز اور روٹیاں اٹھا رکھی ہیں.استور میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ نون استور کے زیر اہتمام بھی احتجاجی مظاہرہ جاری ہے، مہنگائی کے خلاف مظاہرے کے باعث گلگت راولپنڈی سڑک پر ٹریفک معطل ہے۔جنرل سیکریٹری نون لیگ استور رانا فاروق نے کہا ہے کہ 29 اکتوبر کوضلع میں پہیہ جام ہڑتال اور احتجاج کریں گے۔سکھر میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نےگھنٹہ گھرچوک پراحتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے مہنگائی میں اضافہ کرکے عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے، نوکریوں کا اعلان کرنے والی پی ٹی آئی حکومت میں بیروزگاری عروج پر ہے۔لاڑکانہ میں مسلم لیگ نون کی جانب سے جناح باغ چوک پر احتجاج کیا گیا، جیکب آباد میں پیپلز پارٹی ہاری کمیٹی نے احتجاجی ریلی نکالی ، ریلی کے شرکا ء کاکہنا تھا کہ مہنگائی اور بےروزگاری کےباعث لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔چمن میں پی ڈی ایم نے میزئی اڈا میں احتجاج کیا اور کوئٹہ چمن شاہراہ پر ریلی نکالی جس کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ پرٹریفک معطل رہی، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے وادی زیارت میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔گوجرانوالہ میں چندا قلعہ بائی پاس کے قریب راستے بند کرنے کیلئے کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں