حیدرآباد پولیس مقابلے میں بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے 2 مبینہ ملزمان ہلاک، آئی جی سندھ کی ٹیم کو شاباش
کراچی: انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے حیدرآباد میں بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی حیدرآباد اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ نیٹ ورک کو مکمل طور پر بے نقاب کر کے اس میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق کینٹ قبرستان کے قریب مکی شاہ کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے دو مسلح مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ہلاک ملزمان گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران گھریلو خواتین، بالخصوص خواتین ڈاکٹروں، کے ساتھ ڈکیتی اور دیگر نوعیت کی 35 سے زائد وارداتوں میں مبینہ طور پر ملوث تھے۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ہدایت کی کہ ہلاک ملزمان کے مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر صوبوں میں ممکنہ سرگرمیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی جرائم میں ملوث نیٹ ورک کے تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے اور مربوط کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں گروہ کے دیگر مبینہ ارکان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔