شانگلہ میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن، اہم مقامات اور داخلی و خارجی راستوں کی چیکنگ
شانگلہ: ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ پی ایس پی کی خصوصی ہدایت پر شانگلہ پولیس نے تھانہ چوگا اور شیکولی خونان کے علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔
ایس ایچ او تھانہ چوگا فیض علی نے ایلیٹ فورس اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ تھانہ چوگا کی حدود میں بونیر بارڈر سے ملحقہ علاقوں گانشال، مسلم کھنڈاؤ کس اور دیگر ملحقہ علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔ اسی طرح شیکولی خونان کے علاقے میں انچارج چوکی شیکولی نے ایلیٹ فورس اور دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران مختلف اہم مقامات، مشکوک جگہوں اور داخلی و خارجی راستوں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ مختلف مقامات پر ناکہ بندیاں کرکے گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران کوئی مشکوک شخص یا غیر قانونی شے برآمد نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی قسم کی مشکوک نقل و حرکت سامنے آئی۔
پولیس افسران نے علاقے کے معززین، عمائدین اور مقامی افراد سے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی گفتگو بھی کی۔ علاقہ مکینوں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کا قیام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
مقامی افراد نے یقین دلایا کہ کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جائے گی۔
دورانِ سرچ اہم مقامات پر تعینات چوکیداران کو بھی چیک کیا گیا اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے مقامات پر موجود رہیں، مستعدی کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔
شانگلہ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔