پنجاب میں صفائی کی صورتحال 100 فیصد بہتر بنانے کے لیے مریم نواز کی 15 روزہ ڈیڈ لائن
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی کی صورتحال 100 فیصد بہتر بنانے کے لیے 15 روز کا ہدف مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صفائی کے انتظامات، وسائل کی فراہمی اور متعلقہ کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے کنٹریکٹ ختم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں صفائی کے نظام کو سرکاری سطح پر چلانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بڑی شاہراہوں کی روزانہ دھلائی یقینی بنانے اور سڑکوں، بازاروں، سبزی و غلہ منڈیوں میں کوڑا پھینکنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے دیہی علاقوں میں ہر دوسرے روز صفائی یقینی بنانے، صفائی کے عملے کی تنخواہیں بروقت ادا کرنے اور ضروری مشینری و وسائل کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے خالی پلاٹوں میں کوڑا پھینکنے پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز کا جائزہ لینے کا کہا۔
وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے، فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی اور مقررہ اہداف کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔ مشینری کی دستیابی اور سرکاری سطح پر صفائی کے نظام سے ہونے والی بچت کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صفائی کے انتظامات کی فزیکل تصدیق کی جائے گی اور ڈپٹی کمشنرز اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ایک ہفتے بعد پیش رفت کا دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی۔