ڈرائیونگ لائسنس کا نظام موٹروے پولیس کے سپرد، ٹرانسپورٹرز نے اقدام کا خیرمقدم کیا
کوئٹہ: بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے وفد نے موٹروے پولیس سملی مین آفس کا دورہ کیا، جہاں ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی کے امور کے حوالے سے ایس پی موٹروے محمد ایوب اور ڈی ایس پی بشارت خان سے تفصیلی ملاقات کی۔
وفد میں ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی، سیکرٹری اطلاعات حاجی روزی خان مندوخیل، نائب صدر حاجی ظاہر شاہ یوسف زئی اور حاجی اللہ نظر شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے نظام کو موٹروے پولیس کے زیر انتظام لانے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے معاملات موٹروے پولیس کے سپرد ہونے سے ٹرانسپورٹرز، خصوصاً پیشہ ور ڈرائیوروں، کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے موٹروے پولیس سے درخواست کی کہ لائسنس کے اجراء کے عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے تاکہ ڈرائیور آسان اور شفاف طریقہ کار کے تحت اپنے لائسنس حاصل کر سکیں۔
ایس پی موٹروے محمد ایوب اور ڈی ایس پی بشارت خان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ موٹروے پولیس ڈرائیور برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان، مؤثر اور سہل بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔