سندھ کابینہ کی کراچی کے لیے 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کے معاہدے کی منظوری
کراچی: سندھ کابینہ نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 500 الیکٹرک بسوں کی فراہمی، تعمیر، آپریشن اور دیکھ بھال سے متعلق سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (SMTA) اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) کے درمیان حکومت سے حکومت کی بنیاد پر معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے مطابق 37 ارب 97 کروڑ روپے مالیت کے اس منصوبے میں 12 میٹر طویل 300 بسیں اور 200 چھوٹی بسیں شامل ہوں گی۔ بسوں کے لیے 125 چارجنگ یونٹس، تین ڈپو، 499 بس اسٹاپ، انٹیلی جنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم اور خودکار کرایہ وصولی کا نظام بھی فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ بسیں 17 روٹس پر چلائی جائیں گی، جن میں 12 نئے روٹس جبکہ پیپلز بس سروس کے پانچ موجودہ روٹس شامل ہیں۔
کابینہ نے منصوبے کی لاگت کی وصولی کے لیے 10 سال تک سالانہ 6 ارب 6 کروڑ روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ یہ رقم بجٹ میں دستیاب وسائل اور کارکردگی سے منسلک کٹوتیوں سے مشروط ہوگی۔
اجلاس میں بجلی کے گرڈ کنکشنز کے اخراجات کی یکمشت مد میں 23 کروڑ 40 لاکھ روپے کی واپسی اور سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو درکار اراضی منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
شرجیل میمن کے مطابق معاہدے کے تحت ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا مجموعی کرایہ آمدن کا 10 فیصد صوبائی حکومت کو دے گا، جبکہ کاربن کریڈٹ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 50 فیصد حکومت سندھ کو ملے گا۔
دریں اثنا، کابینہ نے سکیورٹی فیچرز والی گاڑیوں کی رجسٹریشن پلیٹس کی زیر التوا فراہمی کے معاملے پر 63 کروڑ 70 لاکھ 20 ہزار روپے کی واجب الادا رقم کی ادائیگی اور کھلی بولی کے ذریعے نئی پلیٹس کی خریداری کی منظوری بھی دی۔ اس مقصد کے لیے ٹینڈر کی شرح سے مشروط ڈیڑھ ارب روپے کی اضافی بجٹ گنجائش بھی منظور کی گئی۔