ایبٹ آباد میں شجرکاری مہم کا آغاز، امتحانات کے دوران دفعہ 144 نافذ
ایبٹ آباد (نمائندہ مقامی حکومت) کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ نے کمشنر ہاؤس میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس موقع پر کنزرویٹر جنگلات، سیکریٹری ٹو کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ جنگلات کے نمائندے بھی موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے شجرکاری نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہر شہری کو اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جاری شجرکاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی مناسب دیکھ بھال بھی یقینی بنائیں تاکہ یہ مہم دیرپا اور مؤثر نتائج دے سکے۔ فیاض علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
کمشنر ہزارہ نے ہدایت دی کہ محکمہ جنگلات کے تعاون سے ڈویژن کی سطح پر ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے تاکہ پوری ہزارہ ڈویژن میں مؤثر انداز میں شجرکاری مہم چلائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے پیمانے پر شجرکاری کے لیے مخصوص مقامات کا تعین کیا جائے اور اس عمل میں یونیورسٹی طلبہ کو بھی شامل کیا جائے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ایس ایس سی سالانہ امتحانات 2026 کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حکم کے تحت امتحانی مراکز کے 200 گز کے دائرے میں ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ فیڈرل بورڈ کے کنٹرولر امتحانات کی درخواست پر کیا گیا تاکہ امتحانات کے دوران نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پابندیاں 31 مارچ سے نافذ ہوں گی اور 4 مئی تک جاری رہیں گی۔
جن تعلیمی اداروں میں یہ پابندی نافذ ہوگی ان میں گورنمنٹ ایف جی بوائز پبلک ہائی اسکول ایبٹ آباد، آرمی برن ہال کالج بوائز، آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج پی ایم اے کاکول، آرمی برن ہال کالج فار گرلز، آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج (ایف ایف سینٹر) اور ایف جی فضائیہ پبلک اسکول پی اے ایف بیس کلا باغ شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حکم پر مکمل عمل کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔