لاہور پیر کے روز فضائی آلودگی کے باعث دنیا کے آلودہ ترین بڑے شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 590 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ایک گھنٹے کی تاریخی ریڈنگ 647 تک پہنچ گئی۔
آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور کے بعض علاقوں میں آلودگی کی سطح انتہائی تشویشناک رہی۔ علامہ اقبال ٹاؤن میں اے کیو آئی 1033، سی ای آر پی آفس کے علاقے میں 864 اور برکی روڈ پر 748 ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں رائیونڈ 688، ملتان 655 اور فیصل آباد 600 کی سطح پر رہے۔
پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی میں اضافے کا خدشہ دیوالی کے پٹاخوں کے دھوئیں، فصلوں کی باقیات جلانے اور ہواؤں کے رخ سے ظاہر کیا تھا۔ تاہم ماہرین کے مطابق سرحد پار آلودگی کے اثرات کا تعین سائنسی پیمائش کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب سیٹلائٹ ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق یکم سے 29 اکتوبر کے دوران پاکستانی پنجاب میں آگ لگنے کے 13,241 مقامات کی نشاندہی ہوئی، جبکہ بھارتی پنجاب میں یہ تعداد 3,158 رہی۔ پنجاب کے محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق صوبے میں فصلوں کی باقیات جلانے کے 679 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 650 پر قابو پا لیا گیا۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بعد ازاں بتایا کہ لاہور کا اے کیو آئی کم ہوکر 208 ہوگیا تھا، جبکہ شام 7 بجے آئی کیو ایئر کے مطابق یہ 196 ریکارڈ کیا گیا، جو اب بھی صحت کے لیے مضر ہے۔