پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز، ممکنہ ریفرنڈم کے ذریعے عوامی رائے لینے پر غور

اسلام آباد: پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی ایک تجویز زیرِ غور ہے، جس کے تحت پنجاب کو چار، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین، تین جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر ابتدائی تیاری 2027 کے آغاز میں شروع ہو سکتی ہے۔ مجوزہ تقسیم سے قبل عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرانے اور اس کے بعد ممکنہ طور پر 28ویں آئینی ترمیم لانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تجویز کا مقصد موجودہ صوبوں کو کمزور کرنا نہیں بلکہ انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے امکانات کا جائزہ لینا ہے۔ تاہم مجوزہ تقسیم پر عوامی حلقوں میں مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔ بعض افراد کو خدشہ ہے کہ اس سے لسانی اور نسلی کشیدگی بڑھ سکتی ہے، جبکہ دیگر حلقے صوبوں کی تقسیم کے معیار اور انصاف پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا کی قیادت نے صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال اور پولیس کی افرادی قوت میں کمی پر بھی غور کیا ہے۔ اجلاس میں پولیس کی تقریباً 10 ہزار خالی آسامیوں اور 2024 سے اب تک ایک ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کا ذکر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی استعداد بڑھانے اور بہتر آلات کی فراہمی کے لیے 70 ارب روپے مختص کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا گیا۔

متعلقہ خبریں