وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح کردہ ریڈ لائنزکے حوالے سے فیلڈ میں ٹھوس اور موثر کام ہوتا دکھائی دینا چاہیئے: فواد ہاشم ربانی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب
ملتان: ایڈیشنل چیف سیکریٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے بہاولنگر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے بچی کی موت پر اظہار افسوس کا اظہار کرتے ہوئےہنگامی ویڈیولنک اجلاس میں جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات وزیر اعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن ہیں اورکتے کے کاٹنے سے اموات کے فسوسناک واقعات پر پنجاب حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آوارہ کتوں کی موجودگی اور راہ گیروں کو کاٹنے کے واقعات کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے تمام انتظامی افسران حکومتی پالیسی کے مطابق میونسپل سروسز کی مسلسل اور موئثر مانیٹرنگ یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کی تلفی بارے اب زبانی جمع خرچ اور اعداد وشمار سے کام نہیں چلے گا، تمام ڈپٹی کمشنر کی فیلڈ میں موجودگی نظر آنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح کردہ ریڈ لائنزکے حوالے سے فیلڈ میں ٹھوس اور موثر کام ہوتا دکھائی دینا چاہیئے اور آوارہ کتوں کی تلفی بارے مہم کو حقیقی معنوں میں لانچ کیا جائے اور فیک رپورٹنگ کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے اور پالتو کتوں کے کاٹنے کے واقعات کی صورت میں ان کے مالکان کے خلاف فوری قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا اور کتے کے کاٹنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ رپورٹ ہونے پر راجن پور اور وہاڑی کے ڈپٹی کمشنرز کو مزید ٹھوس اور موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنر کو آوارہ کتوں کے خاتمہ کے لیے ایریاز کی نشاندہی کرنے اور موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔