کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی کا عزم، سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کا مطالبہ دہرادیا

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے آئندہ بلدیاتی انتخابات میں تاریخی کامیابی کے لیے اپنی تنظیمی اور پارلیمانی قیادت کو متحرک کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا ہے۔

یہ عزم بہادرآباد میں پارٹی کنوینر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ظاہر کیا گیا۔ اجلاس میں شہری سندھ کے دیرینہ مسائل، کراچی کی ترقی اور آئندہ بلدیاتی و سیاسی انتخابات کی تیاریوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنانے، بنیادی بلدیاتی سہولیات کی منصفانہ فراہمی اور شہری مسائل کے حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس اور اختیارات و وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ارکان پارلیمنٹ اور تنظیمی عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ محلوں کی سطح پر کارکنوں اور شہریوں کو متحرک کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کی محرومیوں کا خاتمہ، نئے انتظامی یونٹس کا قیام اور بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پارٹی کی اہم ترجیحات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر بڑے شہروں کی تعمیر و ترقی، سرکاری فنڈز کا شفاف استعمال اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ پارٹی کے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

متعلقہ خبریں