راولپنڈی اور اسلام آباد میں ارتھ آور منایا گیا

اسلام آباد: راولپنڈی اور اسلام آباد میں عالمی ماحولیاتی مہم “ارتھ آور” کے موقع پر ہفتہ کے روز ایک گھنٹے کیلئے غیر ضروری بجلی بند کر کے ماحول کے تحفظ کا پیغام دیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ توانائی کے غیر ضروری استعمال میں کمی، پانی کے وسائل کا تحفظ اور پائیدار طرزِ زندگی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک، جو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہیں، کیلئے یہ اقدام محض علامتی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی دعوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات جیسے تباہ کن سیلاب، غیر متوقع موسم اور گلیشیئرز کا پگھلاؤ ہمارے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں، اس لیے ہمیں اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

دریں اثنا، وفاقی آئینی عدالت نے بھی ارتھ آور 2026 میں شرکت کا اعلان کیا اور عدالت کی عمارت کی روشنیاں رات 8:30 سے 9:30 بجے تک بند رکھیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ سے وابستگی کا اظہار کیا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ ماحولیاتی تحفظ، بنیادی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا اہم جزو ہے، اور اس کے فروغ کیلئے صنعتی آلودگی میں کمی، جنگلات کے تحفظ، بہتر ویسٹ مینجمنٹ اور فضائی معیار کی بہتری جیسے اقدامات ناگزیر ہیں۔

ادھر راولپنڈی میں بھی پنجاب حکومت کی ہدایات پر ارتھ آور منایا گیا، جس کے دوران میٹرو بس اسٹیشنز، سرکاری عمارتوں اور پارکس کی غیر ضروری روشنیاں ایک گھنٹے کیلئے بند رکھیں گئیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس دوران صرف سکیورٹی اور ہنگامی ضروریات کیلئے بجلی کی فراہمی جاری رکھی گئی، جبکہ شہریوں، تاجروں اور صنعتکاروں نے بھی اس عالمی مہم میں حصہ لے کر توانائی کے ذمہ دارانہ استعمال کا پیغام عام کیا۔

متعلقہ خبریں