پنجاب بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم آج اپریل سے شروع ہوگی

راولپنڈی (نمائندہ مقامی حکومت ) پنجاب بھر میں قومی انسدادِ پولیو مہم آج پیر 13 اپریل سے شروع ہوگی۔ جس کا ہدف پانچ سال سے کم عمر 2 کروڑ 33 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے۔لاہورمیں سات روزہ جبکہ راولپنڈی سمیت دیگر تمام اضلاع میں مہم چار روز تک جاری رہے گی۔ 16,605 ایریا انچارجز، 3,991 یونین کونسل مینجمنٹ آفیسرز، 84,884 سے زائد موبائل ٹیم ممبران، 4,884 فکسڈ ٹیموں اور 2,664 سے زائد ٹرانزٹ ٹیموں سمیت دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے ۔ انسداد پولیو پروگرام سربراہ عدیل تصور نے کہاکہ ماحولیاتی نگرانی کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور، جنوبی پنجاب اور راولپنڈی سمیت اہم علاقوں میں وائرس کی گردش میں واضح کمی آئی ہے۔سال 2026 میں جانچے گئے 99 ماحولیاتی نمونوں میں سے صرف ایک نمونہ، جو فروری میں لاہور سے رپورٹ ہوا تھا، مثبت آیا، جو مارچ میں دوبارہ منفی ہو گیا۔ مجموعی مثبت شرح کم ہو کر صرف 1 فیصد رہ گئی ہے، جو کہ 2025 کے اختتام پر 26 فیصد اور اگست 2025 میں 56 فیصد تھی۔علاقائی سطح پر بھی نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ راولپنڈی میں رواں سال ایک بھی مثبت نمونہ سامنے نہیں آیا جبکہ 2025 میں یہ شرح 33 فیصد تھی۔ مارچ میں ہونے والے تازہ ترین راؤنڈ میں لاہور، جنوبی پنجاب اور راولپنڈی کے تمام ماحولیاتی نمونے منفی آئے ہیں جو آبادی میں بہتر قوتِ مدافعت اور مہم کے معیار میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں