پنجاب کے تمام سرکاری دفاتر کو بھی مکمل ’’پیپر لیس‘‘ کرنے کی ہدایات جاری
لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں ای گورننس کے فروغ اور دفتری امور کو جدت دینے کی جانب ایک اور بڑا اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر کے تمام سرکاری دفاتر کو بھی مکمل طور پر’’پیپر لیس‘‘ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ کے مرکزی محکموں کی ای فائلنگ اینڈ آفس آٹومیشن سسٹم (ای فاس) پر کامیابی سے منتقلی کے بعد اب اضلاع کے تمام فیلڈ دفاتر کو بھی اس ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے،جس کے تحت یکم جولائی سے تمام فیلڈ دفاتر دفتری خط و کتابت صرف اور صرف ای فاس کے ذریعے کرنے کے پابند ہوں گے روایتی فائل سسٹم کے خاتمے اور اس جدید آئی ٹی سسٹم کے نفاذ سے پنجاب حکومت کو سالانہ اربوں روپے کی خطیر بچت حاصل ہو رہی ہے اضلاع کے تمام سرکاری دفاتر میں ای فاس کے نفاذ سے متعلق ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے پنجاب سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور تمام صوبائی محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی، جبکہ صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ دفتری امور میں شفافیت، تیزی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے پنجاب حکومت کے آئی ٹی اقدامات کامیابی کی ایک روشن مثال ہیں۔انہوں نے محکمہ جاتی ڈیجیٹلائزیشن اور آئی ٹی اصلاحات پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کی شاندار کارکردگی کی تعریف بھی کی۔