نیو کراچی میں 36 انچ سیوریج لائن 15 دن سے ٹوٹی، گندے پانی سے شہری شدید مشکلات کا شکار

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کی مبینہ غفلت اور بے حسی کے خلاف شدید احتجاج 

کراچی: نیو کراچی ٹاؤن کے سیکٹرایف 11 میں 36 انچ قطر کی مرکزی سیوریج لائن گزشتہ 15 روز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، جس کے باعث علاقے کی گلیوں، سڑکوں اور متعدد گھروں میں گندا پانی داخل ہو چکا ہے۔ سنگین صورتحال کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس صورتحال پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کی مبینہ غفلت اور بے حسی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار شکایات کے باوجود متعلقہ افسران مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کی جانب سے ٹال مٹول اور بہانے بازی سے کام لیا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ علاقے کے مکین مسلسل مشکلات برداشت کر رہے ہیں۔

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی ٹیم مسلسل متاثرہ علاقے کا دورہ کر رہے ہیں اور شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہیں، تاہم واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا انتظامی اختیار ٹاؤن کے پاس نہیں، جس کی وجہ سے وہ متعلقہ افسران کو عملی اقدامات پر مجبور نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے متعلقہ افسران جن میں ایکسین ماجد بخاری اور انجینئر شاہ رخ خان شامل ہیں، بار بار شکایات کے باوجود مسئلہ حل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے بقول 15 دن گزرنے کے باوجود مرمت کے کام کا باقاعدہ آغاز بھی نہیں کیا گیا۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے مطالبہ کیا کہ ایکسین ماجد بخاری اور انجینئر شاہ رخ خان کو فوری طور پر معطل کرکے ان کی جگہ ایسے افسران تعینات کیے جائیں جو عملی طور پر کام کریں۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے انتظامی اختیارات ٹاؤن کے حوالے کیے جائیں تاکہ مقامی سطح پر فوری فیصلے اور مؤثر اقدامات ممکن ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں