ڈملوٹی پائپ لائن منصوبہ: ڈیفنس اور کلفٹن کو روزانہ 10 ملین گیلن اضافی پانی ملے گا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے ڈملوٹی پائپ لائن منصوبے پر کام آگے بڑھا دیا ہے۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کے درمیان ڈملوٹی پائپ لائن کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت ڈملوٹی سے کراچی کو اضافی پانی فراہم کرنے کے لیے نئی پائپ لائن تعمیر کی جائے گی۔ میئر کراچی کے مطابق منصوبہ مکمل ہونے کے بعد ڈملوٹی سے ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں کو روزانہ 10 ملین گیلن اضافی پانی فراہم کیا جائے گا، جس سے ان علاقوں میں پانی کی قلت کم کرنے میں مدد ملے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ڈملوٹی پائپ لائن منصوبے کی تعمیر آئندہ ہفتے شروع کی جائے گی جبکہ اسے 12 ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے پر تقریباً 14 ارب روپے لاگت آئے گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ یومیہ 10 ملین گیلن اضافی پانی کی فراہمی شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ حکومت سندھ اور واٹر کارپوریشن کی مشترکہ کاوش ہے اور حکومت سندھ کے تعاون سے کراچی میں پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر اور مستحکم بنایا جا رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے ڈملوٹی پائپ لائن منصوبے کے لیے حکومت سندھ کے تعاون پر اظہار تشکر بھی کیا۔

معاہدے کی تقریب میں ایف ڈبلیو او ہیڈ بریگیڈیئر عدنان اختر علی، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر عمران اصغر، ایڈمنسٹریٹو ڈی ایچ اے بریگیڈیئر امیر نواز خان، سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ، پیپلز پارٹی کے رہنما سید نجمی عالم، ترجمان میئر کراچی کرم اللہ وقاصی، سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان بھی موجود تھے۔

سیکریٹری بورڈ عبدالرقیب، پی ڈی ڈملوٹی محمد زاہد سمیت واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں