میونسپل کمیٹی کی مبینہ غفلت، سیوریج لائن میں زہریلی گیس سے دو سیور مین جاں بحق، دو کی حالت غیر

چشتیاں(عامر سہیل سے) میونسپل کمیٹی چشتیاں کی مبینہ غفلت اور حفاظتی اقدامات کے فقدان کے باعث بھٹہ کالونی چوک میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں زہریلی گیس سے دم گھٹنے کے باعث دو سیور مین جاں بحق جبکہ دو دیگر متاثر ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق صفائی کے دوران پہلے دو مزدور مین ہول میں اترے، جہاں موجود زہریلی گیس کے باعث وہ بے ہوش ہو گئے۔ انہیں بچانے کے لیے مزید دو افراد بھی مین ہول میں اترے، تاہم وہ بھی گیس سے متاثر ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے چاروں افراد کو باہر نکالا۔

حادثے میں 27 سالہ عرفان مسیح ولد اقبال اور 45 سالہ شفیق مسیح ولد رفیق جان کی بازی ہار گئے، جبکہ شمعون مسیح ولد یونس مسیح کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ منیر ولد جیت مسیح کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چشتیاں منتقل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق عرفان مسیح اپنے پیچھے تین بیٹے اور دو بیٹیاں جبکہ شفیق مسیح دو بیٹیوں، ایک بیٹے اور اہلیہ کو سوگوار چھوڑ گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا۔

مقامی افراد اور سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا کہ سیوریج لائنوں کی صفائی کے لیے مختص بجٹ اور حکومتی دعوؤں کے باوجود عملے کو بنیادی حفاظتی سامان، گیس ڈیٹیکٹرز، حفاظتی کٹس اور جدید مشینری فراہم نہیں کی جاتی، جس کے باعث مزدور اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر کام کرنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار افسران کا تعین کیا جائے، غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ ایسے سانحات سے بچاؤ کے لیے سیوریج عملے کو جدید حفاظتی آلات اور تربیت فراہم کی جائے۔

متعلقہ خبریں