کرک: تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں "پولیس سہولت مرکز” قائم، ڈی پی او عمران خان نے افتتاح کر دیا

کرک: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عمران خان نے تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے عوام کو بہتر اور بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے بانڈہ میں "پولیس سہولت مرکز” قائم کرکے اس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب میں ڈی ایس پی بانڈہ داؤد شاہ شاہ دوران خان سمیت علاقے کے مشران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی پی او عمران خان کا کہنا تھا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے وژن کے مطابق پورے صوبے کی طرح ضلع کرک میں بھی عوام کو درپیش سفری مشکلات اور وقت کے ضیاع کو مدنظر رکھتے ہوئے تحصیل بانڈہ داؤد شاہ میں پولیس سہولت مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ویریفیکیشن اور دیگر پولیس سے متعلقہ خدمات کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے بلڈنگ اور ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں تاکہ عوام کو ان خدمات کے حصول کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں اور پورے تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے عوام کو ان کی دہلیز پر ہی تمام سہولیات فراہم کی جا سکیں، جبکہ ڈی پی او عمران خان نے بانڈہ داؤد شاہ کے عوام کی مزید سہولت کی خاطر اس مرکز میں مستقبل میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کا عزم بھی ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرک پولیس عوام کی خدمت کو اپنا اولین فرض سمجھتی ہے اور انہوں نے تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے عوام سے گزارش کی کہ وہ پولیس سے متعلقہ ضروری دستاویزات اور خدمات کے حصول کے لیے ضلعی ہیڈکوارٹر جانے کے بجائے پولیس سہولت مرکز بانڈہ داؤد شاہ سے ہی استفادہ کریں۔

متعلقہ خبریں