آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان کے امن مشن کو بڑی کامیابی، قوم موہانہ اور سلیمان خیل کے درمیان دیرینہ دشمنی صلح میں تبدیل
ڈیرہ اسماعیل خان: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ڈیرہ رینج غلام مبشر میکن کی ہدایات اور امن کے قیام کے وژن کے تحت ڈیرہ پولیس نے دیرینہ قبائلی دشمنیوں کے خاتمے کی مہم میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ تھانہ بند کورائی پولیس اور مقامی معززین کی مشترکہ کاوشوں سے قوم موہانہ اور قوم سلیمان خیل کے درمیان عرصہ دراز سے جاری سنگین تنازعے کا پرامن حل نکال کر دونوں فریقین کے درمیان مستقل صلح کرا دی گئی۔
پولیس کے مطابق آر پی او غلام مبشر میکن نے ڈیرہ رینج کے چاروں اضلاع میں پرانی دشمنیوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام ضلعی پولیس افسران (DPOs) کو ہدایت کی تھی کہ اپنے اپنے اضلاع میں دیرینہ تنازعات کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جائے، ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کے منتخب ارکان، مقامی مشران اور پولیس پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لا کر مستقل اور پائیدار حل نکالا جائے۔
اسی پالیسی کے تحت ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ بند کورائی کی حدود میں قوم موہانہ اور قوم سلیمان خیل کے درمیان خواتین سے متعلق معاملے پر شروع ہونے والا سنگین تنازعہ، جو وقت گزرنے کے ساتھ شدت اختیار کر چکا تھا اور دونوں فریقین ایک دوسرے کی جان لینے پر آمادہ تھے، خوش اسلوبی سے ختم کر دیا گیا۔
ایس ایچ او بند کورائی اسماعیل خان اور علاقے کے معززین نے مسلسل مذاکرات، دانشمندی اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے دونوں فریقین کو ایک میز پر بٹھایا۔ طویل گفت و شنید کے بعد دونوں قبائل نے ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر باہمی رضامندی سے صلح کر لی اور آئندہ بھائی چارے، امن، قانون کی پاسداری اور باہمی احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آر پی او غلام مبشر میکن اور ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان نے اس کامیاب صلح کو پولیس، ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل (DRC) اور مقامی مشران کے درمیان مؤثر تعاون کا عملی ثبوت قرار دیتے ہوئے امن کے قیام میں کردار ادا کرنے والے تمام معززین کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ کسی بھی ذاتی، خاندانی یا قبائلی تنازعے کی صورت میں قانون کو ہاتھ میں لینے یا تشدد کا راستہ اختیار کرنے کے بجائے متعلقہ سرکل پولیس یا ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسل سے رجوع کریں تاکہ مسائل کو قانون، مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔
پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈیرہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں بلا تعطل جاری رکھے گی۔