نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی سرگرمیاں تیز، چیئرمین محمد یوسف کا یو سی 10 میں سڑکوں اور پُلیوں کے منصوبوں کا معائنہ
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں بنیادی شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 10 کے سیکٹر 11-F اور 11-G میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے سات ہزار روڈ سے متصل دو خستہ حال پُلیوں کی ازسرنو تعمیر اور سیکٹر 11-F میں سڑک کی تعمیر کے ابتدائی مرحلے کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران متعلقہ افسران نے چیئرمین محمد یوسف کو منصوبوں کی پیش رفت اور تعمیراتی معیار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر یو سی چیئرمین فیصل قاری، یو سی وائس چیئرمین اویس قادری، یو سی کونسلرز اور ٹاؤن کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین محمد یوسف نے تعمیراتی سرگرمیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا، محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکٹر 11-F کی سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ عوامی سہولت کے پیش نظر اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا ہے تاکہ آمدورفت کو محفوظ اور آسان بنایا جا سکے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے اور نیو کراچی ٹاؤن کے ہر علاقے میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا اعتماد ان کا سرمایہ ہے اور ٹاؤن انتظامیہ خدمت، شفافیت اور عملی کارکردگی کے ذریعے اس اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا اور ہر یونین کونسل میں عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات میسر آ سکیں۔