نیو کراچی ٹاؤن میں چار ماڈل گلیوں کا افتتاح، شہری سہولیات کی بہتری کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 11-B نارتھ کراچی میں جدید طرز پر تعمیر کی گئی چار ماڈل گلیوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ، وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

چیئرمین محمد یوسف نے خیابان منصور، خیابان بھٹی، خیابان شمیم اور سید خلیل احمد کمیونٹی کلسٹر کا بیک وقت افتتاح کیا۔ ان گلیوں کو روڈ کارپیٹنگ اور پیور بلاک کے ذریعے جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے، جہاں پائیداری، خوبصورتی اور شہری سہولت کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے تاکہ مکینوں کو طویل عرصے تک بہتر سفری اور شہری سہولیات میسر رہیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ ٹاؤن میں ترقیاتی کام پوری رفتار سے جاری ہیں اور عوام سے کیے گئے وعدوں کو مرحلہ وار عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کا مقصد صرف اعلانات کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے بنیادی مسائل کا عملی حل فراہم کرنا ہے، اسی لیے محدود مالی وسائل کے باوجود سڑکوں، گلیوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر مسلسل کام جاری رکھا گیا ہے۔

محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی کے متعدد علاقے آج بھی پانی کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشناپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ ان کے مطابق اگر پانی اور سیوریج جیسے بنیادی شہری ادارے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت ہوں تو عوامی مسائل زیادہ تیزی اور مؤثر انداز میں حل کیے جا سکتے ہیں کیونکہ مقامی نمائندے روزانہ شہریوں سے براہِ راست رابطے میں رہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نیو کراچی ٹاؤن نے محدود بجٹ کے باوجود تقریباً 10 کروڑ روپے واٹر اینڈ سیوریج سے متعلق بنیادی منصوبوں پر خرچ کیے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی کمی کو کبھی جواز نہیں بنایا گیا بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے عوام کا اعتماد حاصل کیا گیا، تاہم کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ناقص کارکردگی شہری مشکلات میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان اداروں کا انتظام منتخب بلدیاتی نمائندوں کے سپرد کیا جائے تاکہ عوامی ضروریات کے مطابق بروقت فیصلے ممکن ہو سکیں۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے مزید بتایا کہ انتخابی وعدوں کے مطابق اب تک نیو کراچی ٹاؤن میں ایک ہزار گلیوں کی تعمیر و بحالی مکمل کی جا چکی ہے جبکہ مزید سڑکوں اور گلیوں پر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو صاف، محفوظ، خوبصورت اور جدید سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح رہے گی۔

متعلقہ خبریں