چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ، نارتھ کراچی میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی تعمیر آخری مراحل میں

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی کے سیکٹر 9 اور سیکٹر 11-I میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر مختلف یونین کمیٹیوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران جہانزیب خان، فیصل صغیر، ساجد صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران انہیں بریفنگ دی گئی کہ سیکٹر 9 میں سڑکوں کی روڈ کارپیٹنگ کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور آئندہ چند روز میں ان منصوبوں کا افتتاح کر دیا جائے گا، جس سے علاقے کے رہائشیوں کا دیرینہ سفری مسئلہ حل ہو جائے گا۔ اسی طرح سیکٹر 11-I میں فٹ پاتھوں پر رنگین پیور بلاک بچھانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں، خصوصاً نارتھ کراچی کے سیکٹرز میں ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود مختلف علاقوں کا دورہ کر کے تعمیراتی کاموں کے معیار، رفتار اور پائیداری کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ شہریوں کو معیاری اور دیرپا سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بنیادی بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانا نیو کراچی ٹاؤن کی اولین ترجیح ہے۔

محمد یوسف نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ نیو کراچی ٹاؤن کو خوبصورت بنانے کے لیے بیوٹیفکیشن، ماڈل گلیوں اور جدید سڑکوں کی تعمیر کا سلسلہ بھی جاری ہے تاکہ شہریوں کو بہتر، محفوظ اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں